آسٹریلوی ٹیم کا دورہ پاکستان، فواد چوہدری کی اپوزیشن کے احتجاج کے منصوبے پر تنقید

 وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر راولپنڈی میں حزب اختلاف کی جماعتوں کے احتجاج کے منصوبے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے لکھا ہے کہ "پاکستان اور آسٹریلیا کی 23 سال بعد ٹیسٹ سیریز ہونے جارہی ہے پوری قوم کرکٹ کی اس بحالی کا جشن منا رہی ہے۔”

یہ بھی پڑھیے

بدنام زمانہ بکی مظہر مجید اب باکسر عامر خان کے مینیجر ہوں گے

کراچی کنگز کسی بھی پی ایس ایل ایڈیشن میں 9 میچ ہارنے والی پہلی ٹیم بن گئی

وزیر اطلاعات و نشریات نے مزید لکھا ہے کہ "لیکن اگر کسی کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں تو وہ ہماری چوں چوں کا مربع اپوزیشن ہے جو عین اس وقت پنڈی میں اپنا کرائے کا شو کرنا چاہتی ہے جب پہلا ٹیسٹ شروع ہو رہا ہے۔”

آسٹریلیا کرکٹ ٹیم رواں ماہ کے آخری میں دورہ پاکستان کررہی ہے۔ ٹیم آسٹریلیا 1998 کے بعد یعنی 24 سال بعد پاکستان کے دورے پر آرہی ہے۔ ٹیم آسٹریلیا ، پاکستان کے تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

کرکٹ آسٹریلیا نے سیریز کے حوالے سے پی سی بی انتظامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے فل اسٹرینتھ ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کیا ہے اور کوئی کھلاڑی سیریز سے دستبردار نہیں ہوا، وہی کھلاڑی پاکستان آ رہے ہیں جنہوں نے حال ہی میں ایشیز سیریز میں حصہ لیا۔

پاک آسٹریلیا تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 4 مارچ سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں 4 سے 8 مارچ تک کھیلا جائے گا ، دوسرا ٹیسٹ میچ 12 سے 16 مارچ تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ لاہور میں 21 سے 25 مارچ تک کھیلا جائے گا۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں شامل قومی اسکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے جب کہ اسٹیو اسمتھ نائب کپتان ہوں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں آشٹن اگر ، اسکاٹ بولینڈ ،ایلیکس کیری ،کیمرون گرین، مارکوس ہیرس ،جوش ہیزل ووڈ ،ٹریوس ہیڈ ،جوش انگلس ،عثمان خواجہ ،مارنوس لابو شین ،نیتھن لیوئن ،میچل مارش ،مائیکل نیصر ،میچل اسٹارک ،میچل سویپسن اور ڈیوڈ وارنر ٹیم کا حصہ ہیں۔

متعلقہ تحاریر