صحافی اطہر متین کا مبینہ قاتل خضدار سے گرفتار
ملزم عابد کو کراچی پولیس ٹیم نے مقامی پولیس کے تعاون سے گرفتار کیا، ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی، تین مزید ملزمان بھی زیر حراست۔

سینئر صحافی اور سما ٹی وی کے پروڈیوسر اطہر متین کے مبینہ قاتل کو کراچی پولیس نے بلوچستان کے علاقے خضدار سے گرفتار کرلیا، ملزم عابد ولد محمد امین کو سول کالونی سے گرفتار کیا گیا۔
نمائندہ آج نیوز کے مطابق کراچی پولیس ٹیم ایک ایس پی کی سربراہی میں آج چھاپہ مار کارروائی کیلیے خضدار پہنچی تھی، ملزم عابد خاتون کے روپ میں فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
کراچی پولیس ٹیم نے بلوچستان کی مقامی پولیس کے تعاون سے چار مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جن میں کنڈھ، کٹھان اور سول کالونی کے علاقے شامل ہیں۔
پولیس کو اطلاعات تھیں کہ اطہر متین کے قاتل یہاں موجود ہیں، سول کالونی میں چھاپہ مارا گیا تو ملزم عابد نے برقع پہن کر فرار ہونے کی کوشش کی۔
نجی ٹی وے نمائندے کا کہنا تھا کہ مقامی افراد کے تعاون سے ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
دوسرے مبینہ ملزم کی گرفتاری کیلیے جب پولیس کٹھان پہنچی تو وہ فرار ہوگیا جبکہ عابد ولد امین کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مقتول سینئر صحافی کے قتل میں براہ راست ملوث ہے۔
خضدار کے مختلف علاقوں سے تین مزید ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جن کے نام صیغہ راز میں رکھے جارہے ہیں۔
تینوں گرفتار ملزمان اور ملزم عابد کو کراچی پولیس اپنی تحویل میں لے چکی ہے۔









