پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کا مقصد وزیراعظم کو ہٹانا نہیں، ذرائع
ذرائع کا کہنا ہے پاکستان پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کا مقصد عمران خان کی حکومت کو ہٹانا نہیں بلکہ انتخابات کی تیاریوں کا ایک آسان طریقہ ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے بعض سرکردہ رہنماؤں کا کہنا ہے ان کے لانگ مارچ کا مقصد قطعی طور پر وزیراعظم عمران خان کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا نہیں ہے اور نہ ہی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کو گرانا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت پیپلز پارٹی کے جیالوں نے پی ٹی آئی حکومت کو گرانے کے نعرے کے ساتھ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جانب اپنے لانگ مارچ کا آغاز اتوار کے روز کیا تھا، اور اس کے ساتھ ساتھ تحریک عدم اعتماد کے لیے کی جانے والی کوششوں کے ذریعے وزیر اعظم کو دباؤ میں لانا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
تحریک عدم اعتماد کی تلوار، وزیراعظم جہانگیر ترین سے ملنے کو تیار
بلاول بھٹو کا 38 نکاتی مطالبے کے ساتھ پی ٹی آئی حکومت کے خلاف اعلان جنگ
نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر پاکستان پیپلز پارٹی کے کچھ سرکردہ رہنماؤں نے نیوز 360 سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے لانگ مارچ کا مقصد وزیراعظم عمران خان کو ہٹانا اور نہ ہی پی ٹی آئی کی حکومت گرانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت کی مرکزی قیادت بھی لانگ مارچ کو اسلام آباد کے دھرنے میں تبدیل کرنے کو تیار نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس لانگ مارچ کی وجہ ملک بھر میں پی پی پی کے کارکنان اور عہدے داروں کو متحرک کرنا ہے۔
سرکردہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری پارٹی مشینری کو فعال کرنے کے لیے پیپلز پارٹی کے گڑھ اور ملک کے دیگر حصوں کا دورہ کر رہے ہیں۔
نیوز 360 سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ "اس لانگ مارچ کا اصل مقصد پنجاب، سندھ ، خیبر پختونخواہ (کے پی) اور اسلام آباد میں ہونے والے لوکل گورنمنٹ (ایل جی) کے انتخابات سے قبل لوگوں میں تحریک پیدا کرنا ہے۔ اس طویل عرصے ک لانگ مارچ میں بلاول بھٹو زرداری آئندہ بلدیاتی انتخابات سے قبل نچلی سطح کی قیادت سے ملاقات کریں گے۔”
نیوز 360 کے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پی پی پی اپنے لانگ مارچ سے قلیل مدتی نہیں بلکہ طویل مدتی نتائج حاصل کرنا چاہتی ہے تاکہ آنے والے بلدیاتی انتخابات اور 2023 کے عام انتخابات میں سخت مقابلے کے نتیجے میں مثبت ثمرات حاصل کیے جاسکیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے وفاقی حکومت کے خلاف اپنا لانگ مارچ شروع کردیا ہے جب کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پی پی پی کی زیرقیادت سندھ حکومت کے خلاف سندھ حقوق مارچ کا آغاز 26 فروری کو کیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ہفتے کو گھوٹکی سے کراچی تک "حقوق سندھ مارچ” کا آغاز کیا تھا۔
IA from 27th February we will begin our #AwamiMarch from Karachi to Islamabad. We march against this selected government and the economic disaster they have caused. Join us for a peaceful, prosperous & progressive Pakistan. https://t.co/8Dt8lWY1h6 pic.twitter.com/AnapOYjjC0
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) February 15, 2022
روٹ پلان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما 34 مختلف شہروں کا دورہ کریں گے۔ مارچ 8 مارچ کو راولپنڈی پہنچیں گیں اور 10ویں روز وفاقی دارالحکومت میں داخل ہوگا۔









