روس کی فٹبال ٹیم ورلڈکپ سے باہر، فیفا نے پابندی لگادی

فیفا، یوئیفا اور انٹرنیشنل اولمپک کونسل نے روس کی قومی فٹبال اور کلب ٹیمز پر پابندی لگادی، اولمپک مقابلوں میں بھی شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔

فیفا نے تمام بین الاقوامی ایونٹس میں روسی ٹیمز کی شرکت پر پابندی لگا دی ہے، اس سال ہونے والے فٹبال ورلڈکپ میں بھی روس کی ٹیم شرکت نہیں کرسکے گی۔

یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا نے بھی فیفا کی دیکھا دیکھی کلب اور بین الاقوامی مقابلوں میں روس کی نمائندگی پر پابندی عائد کردی ہے۔

فیفا نے پہلے روس کو 2022 ورلڈکپ پلے آف مرحلے میں اور باقی کسی بھی مقابلے میں شرکت کی اجازت دی تھی لیکن اس کے فوری بعد اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹ گئی۔

یوکرین پر روسی قبضے کے بعد روس کو تیزی کے ساتھ عالمی کھیل سے الگ کردیا گیا ہے۔

پیر کی شام فیفا کی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ فیفا کونسل اور یوئیفا کمیٹی کے فیصلوں کو مدنظر رکھتے ہوں، دونوں تنظیموں نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام روسی ٹیمز چاہے ان کی قومی نمائندہ ٹیمز یا کلب ٹیمز، کو فیفا اور یوئیفا کے کسی بھی مقابلے میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس اعلان کے بعد روس فٹبال ورلڈکپ 2022 سے باہر ہوگیا ہے، 24 مارچ کو روس اور پولینڈ کے درمیان ورلڈکپ پلے آف کا میچ ہونا تھا لیکن پولینڈ نے پہلے ہی روس کے خلاف کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔

یوکرین سے اظہار یکجہتی کیلیے چیکز ریپبلک، پولینڈ اور سویڈن نے بھی روس کے ساتھ کھیلنے سے انکار کیا تھا۔

فٹبال ورلڈکپ 21 نومبر 2022 کو شروع ہوگا۔ انٹرنیشنل اولمپک کونسل نے بھی فیصلہ کیا ہے کہ اولمپکس میں کسی روسی یا بیلاروسی کھلاڑی کو نہیں کھیلنے دیا جائے گا۔

متعلقہ تحاریر