وزیرآباد، چوہدری کے نوعمر بیٹے کا دو کمسن بچوں پر وحشیانہ تشدد

واقعہ ضلع گوجرانوالہ میں پیش آیا، پولیس کے مطابق دو ملزمان گرفتار باقیوں نے ضمانت لے لی، پنچایت غریب بچوں کی پٹائی پر بےحس بن کر بیٹھی رہی۔

پنجاب کے شہر وزیرآباد میں چوہدری کے نوعمر بیٹے کا دو غریب بچوں پر تشدد، چپل، لاتیں، مکے، گھونسے اور تھپڑ مار مار کر غریب بچوں کو بےحال کر دیا۔

پی ٹی وی اینکرپرسن منصور اعظم قاضی نے ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کی جس میں ایک کم عمر لڑکا اپنے ہی ہم عمر لڑکوں پر بدترین تشدد کر رہا ہے اور چوہدری سمیت تمام بڑے بیٹھ کر یہ منظر دیکھ رہے ہیں۔

سی پی او گجرانوالہ حماد عابد نے واقعے کا نوٹس لے کر تھانہ سوہدرہ پولیس کو کارروائی کی ہدایت کی۔

دو ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ باقی ملزمان نے ضمانت لے رکھی ہے۔

جو کوئی بھی چوہدری اور اس کا بیٹا اس واقعے میں ملوث ہیں انہوں نے بہت بڑا کارنامہ انجام دیا ہے کہ دو غریب بچوں کو مارا۔

اپنے جیسے کسی بڑے آدمی سے مقابلہ ہو تو بڑے بڑے چوہدری ہاتھ جوڑ لیتے ہیں لیکن غریب کو دیکھ کر اس پر چڑھائی کرتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان بارہا پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کا دعویٰ کرچکے ہیں لیکن عوام تو عرب کے زمانہ جاہلیت میں ہی رہنا چاہتی ہے۔

اس واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھی نوٹس لینا چاہیے اور چوہدری صاحب کی چوہدراہٹ کا دافع و شافع علاج کرنا چاہیے۔

متعلقہ تحاریر