گرفتاری سے بچنے کیلیے خاتون نے ڈیتھ سرٹیفکیٹ اپلائی کردیا

برطانوی خاتون ٹریفک قوانین کی متعدد خلاف ورزیوں پر پولیس کو مطلوب تھیں، عدالت نے کہا پولیس کو چکمہ دینے پر جیل جائیں۔

برطانیہ کی ایک خاتون نے ٹریفک اصولوں کی خلاف ورزی پر گرفتاری سے بچنے کیلیے خود کو مردہ قرار دینے کی ناکام کوشش کی اور جیل جا پہنچیں۔

کینسنگٹن سے تعلق رکھنے والی 38 سالہ زوئی برنارڈ کا ڈرائیونگ لائسنس سنہ 2020 میں لاپرواہی سے گاڑی چلانے اور سارجنٹ کی طرف سے رکنے کا اشارہ ملنے پر گاڑی نا روکنے کی وجہ سے منسوخ کیا جاچکا تھا۔

پولیس کو فریب دینے کیلیے زوئی نے اپنے انتقال کے سرٹیفکیٹ کیلیے درخواست دے رکھی تھی۔

آخری بار جب زوئی کو لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہوئے پکڑا گیا تو انہوں نے پولیس کو اپنا غلط نام بتایا کیونکہ انہیں ڈرائیونگ کی اجازت نہیں اور ان کی انشورنس بھی نہیں ہوئی۔

ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ نے ان کا کیس سنا اور معلوم ہوا کہ وہ پہلے بھی کئی مقدمات میں سزا یافتہ ہیں جن میں نشے کی حالت میں گاڑی چلانا، بغیر لائسنس گاڑی چلانا اور پولیس والوں پر حملہ کرنا شامل ہے۔

اب عدالت نے انہیں 8 مہینے کیلیے جیل بھیجنے کی سزا سنائی ہے۔

بی بی سی نیوز کے مطابق جب پولیس ان کی گرفتاری کیلیے آئی تو انہوں نے خود کو شنیس کے طور پر متعارف کروایا جو کہ ان کی بہن ہیں اور کہا کہ زوئی مر گئی ہے۔

زوئی نے ڈیتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کیلیے آن لائن درخواست جمع کروائی لیکن وہ جاری نہیں کیا گیا۔

زوئی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کی موکل کو جسمانی اور ذہنی مسائل ہیں اور پے در پے کئی مصیبتیں جھیل چکی ہیں لیکن جج اس بات سے متاثر نہیں ہوئے۔

جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ جرم واضح طور پر آپ کی جانب سے ایک سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔

مجھے یقین ہے کہ آپ نے پولیس کو دھوکہ دینے کی پوری کوشش کی۔

متعلقہ تحاریر