پی ٹی آئی کی سندھ حقوق مارچ ، حکومت اور سپریم کورٹ سے مطالبات

گھوٹکی سے شروع ہونے والا 'سندھ حقوق مارچ' کا قافلہ صوبے کے مختلف شہروں سے ہوتا ہوا گذشتہ روز اتوار کی شام کراچی پہنچ کر اختتام پزیر ہوا

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں پاکستان تحریک انصاف کا سندھ حقوق مارچ کراچی پہنچ کر اختتام پزیر ہوا جس کے بعد چارٹر آف ڈیمانڈ جاری کردیا جس میں صوبائی حکومت سے کئی اہم مطالبات کیے گئے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی سربراہی  میں  سندھ حکومت کے خلاف 26 فروری کو گھوٹکی سے شروع ہونے والا ‘سندھ حقوق مارچ’ کا قافلہ صوبے کے مختلف شہروں سے ہوتا ہوا گذشتہ روز اتوار کی شام کراچی پہنچ کر اختتام پزیر ہوا جس کے بعد پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے چارٹر آف دیمانڈ جاری کیا جس میں سندھ حکومت اور سپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبات  کئے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

زیر خارجہ کی زیرقیادت پی ٹی آئی کا سندھ حقوق مارچ رواں دواں

پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کا مقصد وزیراعظم کو ہٹانا نہیں، ذرائع

تحریک انصاف نے حکومت سندھ سے مطالبات کیے ہیں کہ پی ایف سی ایوارڈ کا فوری اعلان کیا جائے، سندھ پولیس کے محکمے میں سیاسی مداخلت بند کی جائے، صوبے میں بلدیاتی حکومت کے معاملے پر نئی قانون سازی کی جائے اور ایک غیر سیاسی وغیر جانبدار شخص کو کراچی کا ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا جائے۔

تحریک انصاف کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ سندھ کے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے، حیدرآباد یونیورسٹی کے لیے این او سی جاری کی جائے اور کراچی کے شہریوں کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کا بہتر منصوبہ فراہم کیا جائے۔چارٹر آف ڈیمانڈ میں صوبائی حکومت سے سندھ کے ہر شہری کو ہیلتھ کارڈ کی فراہمی اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقل کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

تحریک انصاف نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے درخواست کی ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی دوہری شہریت کیس کا جلد فیصلہ کیا جائے ، قتل کے اُن مقدمات کا از خود نوٹس لیا جائے جن میں پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی ملوث ہیں اور جعلی ڈگری کیسز، جعلی اکاؤنٹ اور اومنی گروپ کے کیسز کا ٹرائل جلد مکمل کرنے، سندھ کے میڈیکل کالجوں میں طلبا سے زیادتی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل اور سندھ میں میڈیا نمائندگان کی ٹارگٹ کلنگ پر جوڈیشل کمیشن تشکیل بنانے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔

اس سے قبل حیدر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے   وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی    نے کہا کہ سندھ کے لوگ پیپلز پارٹی کے اقتدار سے تھک چکے ہیں، سندھ کے عوام چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کے مقابلے میں معقول متبادل ہو۔ تحریک انصاف ایک بہترین متبادل کے طور پر موجود ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی سندھ کے صدر اور وفاقی وزیر علی زیدی ، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ

اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے ۔

متعلقہ تحاریر