علیم خان 40 ایم پی ایز سمیت ترین گروپ میں شامل، عثمان بزدار پرُاعتماد
پی ٹی آئی رہنما لاہور میں جہانگیر ترین کی رہائشگاہ پر اپنی ساتھی اراکین صوبائی اسمبلی کے ہمراہ پہنچے، پارٹی قیادت سے ناراضگی کا اظہار کیا۔

پی ٹی آئی رہنما علیم خان نے حکومت سے اپنی ناراضگی کا اظہار کردیا، علیم خان نے آج لاہور میں جہانگیر ترین کی رہائش گاہ جا کر ان کا سیاسی گروپ جوائن کرلیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جدوجہد میں جہانگیر ترین نے اہم کردار ادا کیا، حکومت قائم ہونے کے بعد جہانگیر ترین کو کیوں نہیں شامل کیا گیا؟
یہ بھی پڑھیے
حزب اختلاف کی تحریک عدم اعتماد ، تاریخ پے تاریخ کی نذر
تحریک عدم اعتماد اسپیکر یا وزیراعظم کے خلاف ہوگی فیصلہ نہیں ہوا، بلاول بھٹو
علیم خان نے کہا کہ آج پنجاب میں جس طرح حکومت کی جارہی ہے، اس پر پی ٹی آئی ووٹرز تشویش میں مبتلا ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب اسمبلی کے 40 اراکین میرے ساتھ ہیں، جو حالات پیدا ہوچکے ہیں اس میں پارٹی کے سنجیدہ افراد کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
جہانگیر ترین کی رہائشگاہ پر ہونے والے اس اہم اجلاس میں ارکان نے متفقہ رائے دی کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو تبدیل کیا جائے۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن ملکی ترقی کو عدم استحکام کے ذریعے روکنا چاہتی ہے۔
انہوں نے نہایت پراعتماد بیان دیا کہ تحریک عدم اعتماد کا معاملہ ختم ہوجائے گا اور حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔