گالی دینی آتی ہے لیکن نہیں دوں گا، بینظیر بھٹو کا بیٹا ہوں، بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی کی اسلام آباد میں پریس کانفرنس، آصف زرداری کو دھمکی اور آصفہ بھٹو پر حملے کو ناقابل برداشت قرار دے دیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو وزیراعظم کی طرف سے دی گئی دھمکی اور آصفہ بھٹو پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دو ایسے واقعات ہوئے جو میرے لیے برداشت سے باہر ہیں۔

بلاول بھٹو نے امکان ظاہر کیا کہ ڈرون کیمرے کے ذریعے آصفہ بھٹو کو نشانہ بنانا حادثہ نہیں تھا بلکہ اس کے ذریعے ہمیں پیغام دیا گیا، انہوں نے آئی ایس آئی اور دیگر ایجنسیز سے درخواست کی کہ اس معاملے کی تحقیقات کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے سب کے سامنے سابق صدر آصف زرداری کو بندوق کی دھمکی دی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ہم ڈر جائیں گے تو وہ سن لے کہ ہمارے اندر شہیدوں کا لہو ہے، پیپلزپارٹی ہر دور میں ظالموں سے نبرد آزما ہوئی ہے۔

ہم نے کبھی بندوق استعمال نہیں کی لیکن استعمال کرنا جانتے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں پرامن انسان ہوں، پر امن ہی رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ جتنا زیادہ دباؤ بڑھے گا، وزیراعظم اور زیادہ گالیاں دیں گے لیکن گالیاں دینے سے ان کا اقتدار بچے گا نہیں۔

عوام نے فیصلہ سنا دیا ہے، جھوٹ نہیں چلے گا، سلیکٹڈ کے خلاف پی پی نے پہلے دن سے مقابلہ کیا، آپ ہمیں زندگی اور موت کی دھکیاں دے رہے ہیں، یہ مذاق نہیں ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ کو ہمارے خلاف جو کرنا ہے ابھی کرلیں، بعد میں موقع نہیں ملنے والا، کل ہم آپ کو نکالیں گے اور صاف شفاف الیکشن ہوں گے۔

انہوں نے وزیراعظم پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں اس شخص کی وجہ سے اپنی تربیت خراب نہیں کروں گا، مجھے بھی گالی دینی آتی ہے لیکن میں نہیں دوں گا، وہ پتا نہیں کون ہے لیکن میں بےنظیر بھٹو شہید کا بیٹا ہوں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اس شخص کیلیے ہم قومی اداروں کو متنازع نہیں بنائیں گے، اس کی وجہ سے پاکستان کو دنیا میں تنہا نہیں کریں گے، تحریک عدم اعتماد میں پتا چل جائے کون عمران خان کے ساتھ ہے اور کون نہیں۔

بلاول بھٹو نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، انہوں نے کہا کہ یہ تاریخ کا کمزور ترین اسپیکر ہے۔

انہوں نے عندیہ دیا کہ وزیراعظم عمران خان کی کل کی تقریر پر قانونی طریقہ کار اپنایا جائے گا، خاتون اول کیلیے بہت احترام ہے اور ہم نے کبھی ان کے خلاف غلط زبان استعمال نہیں کی لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ پنجاب میں کوئی پوسٹنگ اور ٹرانسفر خاتون اول کو پیسے دیئے بغیر نہیں ہوتے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس میں ثابت ہوگیا کہ آپ نے اسرائیل اور بھارت سے فنڈز لیے۔

متعلقہ تحاریر