لمز یونیورسٹی کے طلبہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کے مداح بن گئے

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور کے لمز کیمپس کا دورہ کیا، چھ گھنٹے تک سوالوں کے جواب دیئے، ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشہ روز لمز یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز میں سیمینار سے خطاب کیا اور طلبہ و طالبات کے سوالوں کے جواب بھی دیئے۔

لمز کے طلبہ سے معلوم ہوا کہ آرمی چیف نے ایک گھنٹے تک اپنا خطاب کیا جس کے بعد 6 گھنٹے تک شرکا کے سوالوں کے جواب دیئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن قوتیں پراپیگنڈا اور غلط معلومات پھیلا رہی ہیں جس سے قومی اتحاد کو خطرہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان قوتوں کی شناخت ہونی چاہیے اور ہم سب کو مل کر ان کا مقابلہ کرنا چاہیے۔

آرمی چیف کے یونیورسٹی پہنچنے پر لمز کے وائس چانسلر ڈاکٹر ارشد احمد ملک اور فیکلٹی ممبران نے ان کا استقبال کیا۔

اسی تناظر میں جنرل قمر جاوید باجوہ ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہے ہیں اور لمز کے طلبہ و طالبات سپہ سالار کے ساتھ ملاقات کا احوال بیان کر رہے ہیں۔

ماہم ناصر لمز لاہور کیمپس میں پڑھاتی ہیں، انہوں نے ایک ٹویٹ میں اپنے طالبعلم کی دلچسپ بات شیئر کی، ان کے شاگرد نے کہا کہ جو لوگ بھی آرمی چیف کے سیشن میں شرکت کیلیے گئے وہ اسٹیبلشمنٹ مخالف تھے لیکن جب باہر آئے تو اسٹیبلشمنٹ کے حامی بن چکے تھے۔

ایک طالبعلم زوہیب بابر نے ٹویٹ کیا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں فوج اور نوجوانوں کے درمیان رابطے کا فقدان ہے اور وہ یہاں اس خلیج کو پُر کرنے آئے ہیں۔

حسن امتیاز نے لکھا کہ اگر لمز کے بچے جنرل باجوہ کی تعریف کر رہے ہیں اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ راتوں رات اسٹیبلشمنٹ کے حامی بن گئے۔

یہ تعریف اس لیے ہے کہ آرمی چیف 8 گھنٹے تک یونیورسٹی میں رہے اور ہر طرح کے سوال کا جواب دیا۔

حسن امتیاز نے مزید بتایا کہ جب آرمی چیف کا سیمینار جاری تھا تو یونیورسٹی میں پروفیسرز کے زیر اہتمام ‘یونیورسٹیز میں عسکریت پسندی’ کے عنوان سے ایک سیمینار اور ہورہا تھا۔

انسائیڈر نامی ٹوئٹر صارف نے بتایا کہ جب جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملکی معاملات میں فوج کی مداخلت پر سوال ہوا تو انہوں نے کہا اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ملک کے فیصلے فوج کرتی ہے تو آپ وزیراعظم عمران خان کو نہیں جانتے۔

متعلقہ تحاریر