وفاقی وزیر داخلہ نے پاکستان میں جلد الیکشن ہونے کا اشارہ دے دیا
شیخ رشید احمد کا کہنا ہے ہم چاہتے ہیں کہ جمہوریت مل جل کر آگے بڑھے جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ پارٹیاں بدلنے سے عزت ملتی ہے تو کوئی عزت نہیں ملتی ۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان میں الیکشن جلدی بھی ہوسکتے ہیں، کہتے ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کردی ہے کہ جو شخص بھی پاک فوج اور عدلیہ کے خلاف سوشل میڈیا پر آئے اس کے خلاف فی الفور کارروائی کی جائے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میں باخبر آدمی ہوں ، میں واضح کردینا چاہتا ہوں کہ کوئی کہیں نہیں جارہا ہے کہ عثمان بزدار بھی کہیں نہیں جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
اتحادی جماعتوں کا متوقع اعلان ، ن لیگ کا لانگ مارچ 2 دن کے لیے ملتوی
جو نہیں ہونے والا وہ ہونے والا ہے، عامر لیاقت حسین کا معنی خیز بیان
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن والے اپنے لانگ مارچ کو 26 مارچ کو نکلیں ان کا روٹ کیا ہے اس حوالے سے انہوں نے ابھی تک ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے۔ میں نے اسلام آباد انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ مسلم لیگ ن کی لیڈرشپ سے رابطہ کرے ، ہم نے دو ہزار رینجرز ، ایک ہزار ایف سی اور 9 ہزار پولیس اہلکار اسلام آباد میں تعینات کردیے ہیں۔ یہ کام ہم نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم نے دونوں پارٹیوں کی درخواست پر جلسہ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ جلسے کے حوالے سے ن لیگ کی ابھی کوئی درخواست نہیں آئی ہے۔ کل کوئی شرارت یا ایسا مسئلہ ہو جائے تو وزارت داخلہ اس کی ذمہ دار نہیں ہے۔ ہم ن لیگ سے رابطہ کررہے ہیں اور پوچھ رہے ہیں کہ ان کا کیا پروگرام ہے ان کو روٹ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان 27 مارچ کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کریں گے۔ یہ خود داری کی لڑائی ہے۔ یہ وہ لڑائی نہیں ہے جو بے نظیر خلاف عدم اعتماد کی تحریک کی کامیابی کے لیے اسامہ بن لادن سے بھی پیسے پکڑ لیتے تھے۔
اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا اب حزب اختلاف کو فوج کا خیال آگیا ہے ، کوئی شک نہیں پاکستان کی فوج ایک عظیم فوج ہے اور پاکستان کی عدلیہ دوراندیش ہے۔
فوج اور عدلیہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چھٹی والے دن کے باوجود ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کردی ہے کہ جو شخص بھی پاک فوج کے خلاف اور عدلیہ کے خلاف سوشل میڈیا پر آئے اس کے خلاف فی الفور کارروائی کی جائے۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ ملک دشمن انڈین ایجنٹس جو ہیں اور غیرملکی ایجنڈے پر جو لوگ کام کررہے ہیں اس ملک کی عظیم افواج اور عدلیہ کے خلاف سوشل میڈیا کو استعمال کریں۔
تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے گفتتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے کچھ بندے ان کے پاس ہیں تو ان کے بہت سے سارے بندے ہمارے پاس ہیں ، بڑی دلچسپ صورتحال ہے ۔ آج کے بعد میڈیا اچھی خبریں سنے گا۔ روز بروز حالات بہتری کی جانب آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا ہم چاہتے ہیں کہ جمہوریت مل جل کر آگے بڑھے جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ پارٹیاں بدلنے سے عزت ملتی ہے تو کوئی عزت نہیں ملتی ۔ پاکستان میں الیکشن جلدی بھی ہوسکتے ہیں۔ مجھے پوری امید ہے کہ اتحادی عمران خان کے حق میں فیصلہ کریں گے کیونکہ اتحادی ہمیشہ دیر سے فیصلہ کرتے ہیں۔ بِکنے اور بَکنے کا ماحول اب بنا ہے ۔ جو نسلی اور اصلی ہے وہ پاکستان اور جمہوریت کے ساتھ کھڑا رہے گا۔









