وفاقی وزیر داخلہ نے بلاول بھٹو زرداری کو آخری وارننگ دے دی

شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ حیرت کی بات ہے چیئرمین پیپلز پارٹی عمران خان کو استعفے کا کہہ رہے ہیں ، بلاول سے کوئی پوچھے ان کی حکومت گرانے کے لیے اسامہ بن لادن سے کس نے پیسے لیے تھے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا آخری وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول وزیراعظم عمران خان کی فیملی تک نہ جائیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بلاول سے کہنا چاہتا ہوں کہ عمران خان کی فیملی تک نہ جائے ، یہ میری اس کو آخری وارننگ ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سینیٹر عبدالغفور حیدری نے وزیر داخلہ کو پاگل قرار دے دیا

بلاول کی وزیراعظم کو بشریٰ بی بی کی کرپشن بے نقاب کرنے کی دھمکی

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا آج کا دن عمران خان کا دن ہے ، آج عوام کا ایک سمندر ہوگا ، اس گینگ آف تھری نے کرنل قذافی کا مال نہیں چھوڑا تھا ، انہوں نے صدام حسین کا مال نہیں چھوڑا ، انہوں نے بن لادن کا مال نہیں چھوڑا ، کیونکہ مال ہی ان کا مائی باپ ہے ، مال سے لوگوں کے ضمیر خریدے جارہے ہیں، اور جب ضرورت پڑتی ہے یہ بگوڑے بھاگ جاتے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کنگ عبداللہ نے فوج کو زور دیا اور یہ بھگوڑے سعودی عرب فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ بعد میں انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ہم نے ایک غلط آدمی کو پناہ دی۔ بیماری کو مینج کر کے بھاگنے والے لوگ  ہیں ، بھاگ تو شہباز شریف بھی رہا تھا ایئرپورٹ پر پکڑ لیا ، انہوں نے لندن میں بیٹھ کر فوج کے بارے میں جو کہا اس پر ان کو ڈوب مرنا چاہیے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ان کی واجبی سے ریلی ہے جو لاہور سے آرہی ہے ، یہ ووٹ کو عزت دے کی بات کررہے ہیں ، 28 تاریخ کو ن لیگ اپنا جلسہ کرسکے گی۔ ہم نے اجازت دے دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر 28 تاریخ کو تحریک عدم اعتماد پیش ہو گئی تو تین یا چار کو اس پر ووٹنگ ہو گی۔ عمران خان آخری بال تک ان کا مقابلہ کرے گا، اپوزیشن کی نااہلی کی وجہ سے عمران خان ایک مرتبہ پھر سے عوام میں مقبول ہو گیا ہے۔ اگلے ایک ہفتے تک ہمارا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر 24 گھنٹے کھلا رہے گا اور میں وہاں پر موجود رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ سارا اسلام آباد کھلا ہے افواہوں پر جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ عوام کی سلامتی کو پر چیز پر مقدم رکھیں گے، اندر کی بات بتانے جارہا ہوں کچھ نہیں ہونے جارہا ، سب کچھ ویسے ہی رہے جیسے چل رہا ہے ۔ کسی جگہ کوئی رکاوٹ ہو ، ہمارے پاس 6 ہزار رینجرز ، ایف سی اور 9 ہزار ہماری دیگر فورسز امن و امان کے لیے موجود ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی آج تک کسی آرمی چیف سے نہیں بنی ۔ اقتدار ان کی جھولی میں نہیں آئے گا، خبر یہ ہے کہ وہ نہیں ہونے جارہا جو تم لوگ سوچے بیٹھے ہو۔ بلاول بھٹو نے حمید گل کا ذکر کیا تھا ، حمید گل وہ شخص ہے جو خود نواز شریف کے ٹکٹ بانٹتا تھا۔ میں نے خود حمید گل سے ٹکٹ لیا تھا۔

بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو صاحب آپ کی پارٹی کی حکومت کو گرانے کے لیے اسامہ بن لادن سے کس نے پیسے لیے تھے۔

متعلقہ تحاریر