ایلون مسک نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنانے کیلیے کوشاں

ٹیسلا کے سی ای او نے ٹوئٹر پر پول منعقد کیا جس میں 70 فیصد ووٹرز نے کہا کہ ٹوئٹر پر اظہار رائے کی آزادی نہیں۔

ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک ایک نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنانے کے حوالے سے کافی سنجیدہ ہیں، انہوں نے اسی حوالے سے ہفتے کے دن ٹویٹ کے ذریعے اظہار خیال کیا۔

ایک ٹوئٹر صارف نے ایلون مسک سے سوال کیا کہ کیا وہ ایک ایسا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنانے کے بارے میں سوچیں گے جس میں آزادی رائے ترجیح ہوگی اور پراپیگنڈہ کم سے کم ہوگا۔

ایلون مسک خود بھی ٹوئٹر استعمال کرتے ہیں لیکن وہ اس سماجی رابطے کے پلیٹ فارم اور اس کی پالیسیز کے سخت ناقد ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ٹوئٹر آزادی رائے پر پابندی لگا کر جمہوری اصولوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

اس متعلق مسک نے ٹویٹ اس وقت کی جب انہوں نے ٹوئٹر پر ایک لوگوں سے ان کی رائے جاننا چاہی کہ کیا ٹوئٹر آزادی رائے کے اصولوں پر کاربند ہے یا نہیں؟

70 فیصد صارفین نے ‘نہیں’ میں جواب دیا، جمعہ کو انہوں نے یہ پول منعقد کرتے وقت ٹویٹ کی تھی کہ اس کے نتائج بہت اہم ہوں گے، احتیاط سے ووٹ دیجیے گا۔

اگر ایلون مسک اپنا نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنا لیتے ہیں تو وہ ان ٹیکنالوجی کمپنیز میں شامل ہوجائیں گے جو کہ خود کو آزادی رائے کا علمبردار کہتی ہیں۔

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل نامی سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنایا، اسی طرح ٹوئٹر کے مقابلے میں Gettr، Parler اور یوٹیوب کے مقابلے میں Rumble بھی متعارف ہوچکے ہیں۔

لیکن ان تمام متبادل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو وہ مقبولیت نہیں مل سکی جو کہ فیس بک، ٹوئٹر اور یوٹیوب کو حاصل ہے۔

متعلقہ تحاریر