حکومت کو ایک اور دھچکا،آزاد رکن اسلم بھوتانی اپوزیشن کو پیارے ہوگئے

زرداری صاحب کے ساتھ ہوں ،وہ جہاں لے جائیں گے چلا جاؤں گا،اسلم بھوتانی:اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہے،  ہم پنجاب میں بھی تبدیلی لائیں گے،آصف زرداری

تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل حکومت کو ایک اور دھچکا پہنچا ہے، بلوچستان کے علاقے لسبیلہ اور گوادر سے آزاد حیثیت میں منتخب رکن قومی اسمبلی  اسلم بھوتانی نے حکومت کی حمایت  ترک کرکے تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن  جماعتوں کی حمایت کا اعلان کردیا۔

اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسلم بھوتانی نے  کہا کہ زرداری صاحب کے ساتھ ہوں ،وہ جہاں لے جائیں گے چلا جاؤں گا۔

یہ بھی پڑھیے

جنگ گروپ کی بے سروپا خبروں پر چوہدری شجاعت حسین کی وضاحت

پی ڈی ایم عوامی جلسے سے پی ٹی آئی حکومت پر دباؤ بڑھانے میں مکمل ناکام

سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہے،  ہم پنجاب میں بھی تبدیلی لائیں گے،جس کو اپوزیشن نامزد کرے گی، وہی وزیراعلیٰ پنجاب بنے گا،نمبرز ہمارے پاس ہیں ،ان کے پاس نہیں۔پنجاب کے حوالے سے فیصلہ ملکر کریں گے،اب پرویز الہٰی نے دیر کردی۔ ق لیگ والے ہمارے ساتھ چلنے کیلیے تیار تھے، رات 12 بجے مجھے مبارکباد دینے پھر پتہ نہیں صبح کیا ہوا، یہ ان سے پوچھیں۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی سمجھتے ہیں کہ وہ وزیراعلیٰ بن سکتے ہیں لیکن میری نظر میں وہ نہیں بن سکتے کیونکہ ان کے پاس ووٹ نہیں ہیں۔آصف زرداری نے کہاکہ ہمارے ایم کیو ایم سے بھی رابطے ہیں، ایم کیوایم کے حوالے سے اچھی خبر ملے گی۔

بلاول بھٹو نےکہا کہ ہمارے نمبرز پورے ہیں،ہم بونس میں جارہے ہیں، یہ عمران خان کا آخری ہفتہ ہے، وہ جو بھی کوشش کرے ، جو بھی دھمکی دے وہ کامیاب نہیں ہوگا، وہ بزدل ہوگا تو بھاگ جائے گا لیکن بھاگ نہیں سکے گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بیوروکریسی کو بھی یاد رکھنا چاہیے یہ ان کا آخری ہفتہ ہے۔وزرا دھمکیاں دے رہے ہیں ،عدلیہ نوٹس لے۔انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ اعلیٰ عدلیہ تحریک عدم اعتماد میں دھاندلی  نہیں ہونے دیگی۔

متعلقہ تحاریر