پاک بحریہ کی میری ٹائم ایکسرسائز سی اسپارک 2022 اختتام پذیر

اختتامی اجلاس میں نیول چیف، سیکرٹری دفاع اور کور کمانڈر کراچی کی خصوصی شرکت، بھارت تزویراتی استحکام متاثر کر رہا ہے، ایڈمرل امجد نیازی۔

پاک بحریہ کی اہم میری ٹائم مشق سی اسپارک 2022 کا اختتامی اجلاس کراچی میں منعقد ہوا۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی نے سیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

یہ مشق شمالی بحیرہ عرب میں بدلتے ہوئے جیو اسٹریٹجک ماحول کے تناظر میں بنائے گئے آپریشنل منصوبوں کی توثیق کے لیے منعقد کی گئی تھی۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز) نے مشق کا جائزہ پیش کیا۔ بعد ازاں، مشق کے دوران منعقد کی گئی سرگرمیوں پربحث کی گئی۔

آخر میں جنگی منصوبوں اور حکمت عملی کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔

چیف آف نیول اسٹاف نے اپنے اختتامی کلمات میں خطے میں سیاسی عدم استحکام اور مفادات کے حصول کے لئے بڑھتے ہوئے تنازعات کے خطے کے ماحول پر اثرات پر روشنی ڈالی۔

ایڈمرل امجد نیازی نے پیچیدہ ہائبرڈ منظرناموں کے تحت جنگ کے ابھرتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا جو دشمن کے ارادوں کو سمجھنے اور ردعمل کا تعین کرنے میں اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے بھارت کا بھی ذکر کیا جو خطے میں اسٹریٹجک استحکام کو متاثر کر رہا ہے۔

پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ پاک بحریہ اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، اختراعی حکمت عملی اور استقامت کے ذریعے دشمن کی عددی برتری کو مات دینے کے لیے کمربستہ ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ہر قیمت پر سمندری دفاع اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

مشق سی اسپارک 2022 کے انعقاد کا مقصد پاک بحریہ کی جنگی حکمت عملی اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔

مشق کے ذریعے بحری آپریشنز کو زمینی اور فضائی آپریشنز کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہوئے قومی سلامتی پالیسی اور عسکری حکمت عملیوں کے مطابق جنگی منصوبوں کی توثیق کرنا تھا۔

اس مشق نے مختلف آپریشنل تصورات کی توثیق کرنے اور تصوراتی سوچ کو آپریشنز اور اسٹریٹجک ضروریات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کا بھی قیمتی موقع فراہم کیا۔

مشق کے اختتامی سیشن میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید اور سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) ہلال حسین نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ تحاریر