پاکستان میں انصاف نہیں،ناظم جوکھیو کا قتل کیس واپس لیتی ہوں،بیوہ کااعلان
کیس لڑنا چاہتی تھی مگر مسئلہ یہ ہے کہ میرے اپنوں نے ہی میرا ساتھ چھوڑ دیا ، میرا فیصلہ اللہ تعالیٰ کرے گا ،میں یہ کورٹ کچہری نہیں کرنا چاہتی،شیریں جوکھیو کا وڈیو بیان

کراچی کے علاقے ملیر میں قتل کیے گئے ناظم جوکھیو کی بیوہ شیریں جوکھیو نے پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم سمیت مقدمے میں نامزد تمام ملزمان کیخلاف کیس واپس لینے کا اعلان کردیا۔
عرب نیوز سے وابستہ سینئر صحافی نعمت خان نے ناظم جوکھیو کی بیوہ شیریں جوکھیو کی وڈیو ٹوئٹر پر جاری کردی۔
یہ بھی پڑھیے
ناظم جوکھیو قتل کیس، مدعی مقدمہ نے بلاول بھٹو سے بڑا مطالبہ کردیا
ناظم جوکھیو قتل کیس: جوڈیشل مجسٹریٹ کا پولیس چالان پر فیصلہ محفوظ
شیریں جوکھیو کا کہنا ہے کہ میرا درد اور میری تکلیف صرف بچوں والے ہی سمجھ سکتے ہیں ۔ میں جس وقت سے گزر رہی ہوں خدا نہ کرے کہ کسی بھی مسلمان بھائی بہن پر یہ وقت آئے۔
Widow of #NazimJokhio says she has pardoned lawmaker #JamAbdulKarim of @PPP_Org, and other accused in the murder of her husband without taking anything in return because she was abandoned by her own people and didn’t have the capacity to fight the case pic.twitter.com/qbEBrQjKBM
— Naimat Khan (@NKMalazai) March 30, 2022
انہوں نے کہا کہ میں ایمانداری سے کہنا چاہتی ہوں کہ آپ کے دل میں میرے لیے کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے۔ میں سادہ لڑکی ہوں اور یہ کیس لڑنا چاہتی تھی مگر مسئلہ یہ ہے کہ میرے اپنوں نے ہی میرا ساتھ چھوڑ دیا ہے، میرے اپنوں نے ہی مجھے اکیلا کردیا ہے، میں اسی مجبوری میں کیس سے ہٹ رہی ہوں ۔
شیریں جوکھیو نے مزید کہا کہ مجھے کوئی لالچ نہیں ہے اور نہ ہی مجھے دیت کی کوئی پیشکش ملی ہے۔میرا اس میں کوئی لالچ نہیں ہے، میں نے اللہ کو حاضر ناظر جان کر کیس چھوڑ دیا ہے، اللہ بہتر فیصلہ کرے گا،آپ لوگوں کو یہ پیغام پہنچانا میرا فرض ہے،ا گر میں اس طرح کی ہوتی تو کبھی یہ وڈیو جاری نہ کرتی۔
ناظم جوکھیو کی بیوہ کا کہنا ہے کہ میں ایماندار ہوں، مسلمان ہوں ، پیارے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مانتی ہوں، میری یہی خواہش ہے کہ آپ لوگ میرے درد کوسمجھیں، میں جس وقت سے گزر رہی ہیں ، اس کیس کو مزید نہیں لڑسکتی۔میرے اندر طاقت نہیں ہے میں اپنے بچوں کی وجہ سے مجبور ہوں۔
شیریں جوکھیونے کہا کہ اس کیس میں ملوث جتنے بھی لوگ ہیں میں نے سب کو چھوڑدیا ہے، میرا فیصلہ اللہ تعالیٰ کرے گا ،میں یہ کورٹ کچہری نہیں کرنا چاہتی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں انصاف ہے ہی نہیں ، پاکستان میں انصاف ہوتا تو ہماری بہن عافیہ آزاد ہوجاتی ہے، ہمارے حکمرانوں نے اسے آزاد نہیں کروایا۔
Shireen Jokhio says the case of her husband will be decided by Allah because there is no justice in Pakistan. This is believed to be a "No-trust motion” against the judicial system of Pakistan
— Naimat Khan (@NKMalazai) March 30, 2022
صحافی نعمت خان نے وڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ شیریں جوکھیو کابیان پاکستان کے نظام انصاف کے خلاف تحریک عدم اعتماد ہے۔ یاد رہے پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم اور ان کے بھائی جام اویس ملیر میں قتل کیے گئے ناظم جوکھیو کے کیس میں مرکزی ملزم نامزد تھے، جام عبدالکریم بلوچستان ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت حاصل کرنے کے بعد دبئی فرار ہوگئے تھے جس پر ٹرائل کورٹ نے انہیں مفرور قرار دے رکھا تھا۔
وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں نمبر گیم پورا کرنے کیلیے پیپلزپارٹی کی قیادت نے جام عبدالکریم کو وطن واپس طلب کیا تھا تاہم وفاقی حکومت نے ان کی گرفتاری کا اعلان کرتے ہوئے ان کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا تھا۔









