وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گورنر کو استعفیٰ بھیج دیا
اطلاعات کے مطابق گورنر چوہدری سرور کل استعفیٰ منظور کرلیں گے، فی الوقت وزیراعلیٰ کیلیے پرویز الہٰی کو نامزد کیا جاچکا ہے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کا استعفیٰ موصول ہو گیا، اطلاعات کے مطابق کل استعفیٰ منظور کر لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی گئی تھی جس پر مزید کسی کارروائی کی نوبت نہیں آئی۔
یہ بھی پڑھیے
تحریک عدم اعتماد، صادق سنجرانی کی حکمت عملی کیا ہوگی؟
علیم خان گروپ کا چوہدری پرویز الہٰی کو ووٹ دینے سے انکار
دو روز قبل وزیراعظم عمران خان نے اپنی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما چوہدری پرویز الہٰی کو فون کر کے بنی گالہ میں ملاقات کے لیے بلایا تھا۔
چوہدری پرویز الہٰی پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ہیں جنہیں وزیراعظم عمران خان نے صوبے کا نیا وزیراعلیٰ نامزد کر دیا ہے۔
اس سے قبل پرویز الہٰی نے اپوزیشن اتحاد کو تحریک عدم اعتماد میں اپنی پارٹی کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی تھی۔
لیکن وزیراعظم کی جانب سے وزارتِ اعلیٰ کی پیشکش کے بعد پرویز الہٰی نے حکومت کی حمایت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
اطلاعات ہیں کہ پی ٹی آئی رہنما علیم خان کے گروپ میں شامل ارکان صوبائی اسمبلی نے پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ بنانے کیلیے ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔









