خطے میں ایک اور سرد جنگ نہیں ہونے دینگے، چینی وزیر خارجہ کا بروقت بیان

چینی وزیر خارجہ وینگ ای نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں کہا کہ ایشیا میں کیمپ پالیٹکس بحال نہیں ہونے دیں گے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لیجیان زاؤ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر خارجہ وینگ ای نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔

چینی دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ہم (چین) سرد جنگ کی ذہنیت کو دوبارہ نہیں پنپنے دے سکتے نا ہی ایشیا میں کیمپ پالیٹکس کو دوہرانے کی اجازت دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے ممالک نا تو گریٹ پاور گیم کے آلہءِ کار بنیں اور نا ہی اس کا شکار ہوں۔

اس ٹویٹ کے ساتھ چینی ترجمان نے شاہ محمود قریشی اور چینی وزیر خارجہ کی دوستانہ ماحول میں لی گئی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔

اُمور خارجہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ چین کے دفتر خارجہ سے یہ اہم ترین بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان کے وزیراعظم عمران خان ایک مبینہ خط میں اپنی حکومت کے خلاف سازش کا ذکر کر رہے ہیں۔

پاکستان میں قومی سلامتی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس بھی اب سے کچھ دیر قبل ختم ہوا ہوا، اجلاس کا ایجنڈا یہی تھا کہ وزیراعظم وہ مبینہ خط قومی سلامتی کمیٹی کے سامنے رکھیں گے۔

ماہرینِ اُمور خارجہ نے کہا کہ روس کے دفتر خارجہ سے بھی شاہ محمود قریشی اور ان کے روسی ہم منصب کی تصاویر شیئر کی گئی تھی۔

اسی طرح اب چینی دفتر خارجہ کی ٹویٹ بھی سامنے آگئی ہے جس میں انہوں نے قدرے واضح الفاظ میں اپنی پالیسی بیان کی ہے۔

چین کی طرف سے یہ اہم بیان آنا اس بات کی طرف اشارہ کر رہا ہے کہ پاکستان کی داخلی صورتحال سنگین صورتحال سے دوچار ہے۔

پاکستان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مالٹا میں تعینات چینی سفیر یو ڈن ہائے نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ "چین پاکستان اور چین کے تعلقات کو اسٹریٹجک اور طویل المدتی نقطہ نظر کے تناظر میں دیکھتا ہے، اور اسے فروغ دے گا۔ چین قومی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے دفاع میں ہمیشہ پاکستان کی حمایت کرتا رہے گا۔ ہم پاکستان کے سب سے قابل اعتماد پارٹنر اور مضبوط ترین حامی ہوں گے۔”

متعلقہ تحاریر