پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف 34 سال بعد ون ڈے سیریز جیت لی

کپتان بابر اعظم کی شاندار سنچری، امام الحق کے 89 رنز، 211 رنز کا ہدف اننگز مکمل ہونے سے 12 اوورز پہلے ہی حاصل کرلیا۔

پاکستان نے تیسرا ون ڈے میچ  جیت کر آسٹریلیا کو 34 سال بعد ون ڈے سیریز میں شکست دے دی، آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں دونوں ٹیمز کے درمیان تیسرا میچ کھیلا گیا جس میں پاکستان 9 وکٹوں سے فاتح رہا۔

ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کا موقع دیا، آسٹریلیا کی پوری ٹیم 41.5 اوورز میں 210 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

مہمان ٹیم سے ایلکس کیری 56، شان ایبٹ 49، بین مک ڈرموٹ 36 اور کیمرون گرین 34 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔

پاکستان سے حارث رؤف اور محمد وسیم نے عمدہ بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین تین آسٹریلوی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

دوسری طرف پاکستان نے 211 رنز کا ہدف 37.5 اوورز میں باآسانی مکمل کیا۔

پاکستانی سائیڈ سے فخر زمان واحد بیٹسمین تھے جو کہ آؤٹ ہوئے جبکہ ان کے ساتھ اوپنر آنے والے امام الحق نے 100 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 89 رنز بنائے۔

کپتان بابر اعظم نے آج بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 105 رنز اسکور کیے، انہوں نے 115 گیندوں پر 12 چوکوں کی مدد سے یہ سنچری بنائی۔

میچ جیتنے کے ساتھ ہی پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز بھی اپنے نام کرلی، اس سے قبل پاکستان نے 1988 میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتی تھی۔

قومی کرکٹ ٹیم نے اس سیریز میں 349 رنز ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے میچ جیت کر ایک اور ریکارڈ بھی قائم کیا۔

متعلقہ تحاریر