تحریک انصاف نے جسٹس (ر)گلزار احمد کا نام نگراں وزیراعظم کیلیے تجویز کردیا
صدر نے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو خط لکھ کر نگراں وزیراعظم کیلیے 3دن میں نام طلب کیے تھے، آئین شکن صدر کے خط کا جواب کس طرح دے سکتے ہیں؟ شہبازشریف

تحریک انصاف نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) گلزار احمد کا نام نگران وزیر اعظم کے لیے تجویز کردیا۔
سابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے فیصلے سے ٹوئٹ کے ذریعے آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیے
نگراں وزیراعظم کی تقرری، صدر نے عمران خان اور شہباز شریف کو خط لکھ دیا
پی ٹی آئی انتخابات کیلئے تیار ہےاپوزیشن کو بھی تیاری کرنا چاہئے، فیصل جاوید
سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ صدر مملکت کے خط کے جواب میں تحریک انصاف کی کور کمیٹی سے مشورے اور منظوری کے بعد وزیراعظم عمران خان نے سابق چیف جسٹس (ر) گلزار احمد کا نام نگران وزیر اعظم کے لیے تجویز کیا ہے۔
صدر مملکت کے خط کے جواب میں تحریک انصاف کور کمیٹی سے مشورے اور منظوری کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کا نام نگران وزیر اعظم کیلئے تجویز کیا ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 4, 2022
یاد رہےکہ صدر مملکت نے وزیراعظم عمران اور شہباز شریف کے نام خط لکھا تھا جس میں کہا گیا کہ اسمبلی تحلیل ہونےکے تین دن کے اندر کسی ایک نام پراتفاق نہ ہو تو دونوں شخصیات دو دو نام کمیٹی کوبھیجیں گی۔
صدر مملکت کے خط میں کہا گیا کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نگران وزیراعظم کے لیے کسی ایک نام پر متفق نہیں ہوتے تو اسپیکر قومی اسمبلی 8 ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی بنائیں گے جس میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کے ارکان شامل ہوں گے جب کہ کمیٹی قومی اسمبلی کے سابق ارکان اور سینیٹرز پر مشتمل ہوگی۔
ادھر اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس میں صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف سے صدر کے خط سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ صدر، عمران خان اور ڈپٹی اسپیکر نے آئین شکنی کی ہے، آئین شکن صدر کے خط کا جواب کس طرح دے سکتے ہیں۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے شہباز شریف کے جواب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کو نگران وزیراعظم کی مشاورت کا حصہ نہیں بننا تو ان کی مرضی، ہم دو نام دے چکے، سات دن میں ہمارے ناموں میں سے ایک منتخب ہوجائےگا۔









