جی ڈی اے کا پیپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ، انتخابی تیاریوں کا آغاز

فنکشنل لیگ کے سیکرٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے کہا کہ تمام اضلاع کے دورے کر کے جلسے، جلوس اور ریلیاں منعقد کی جائینگی، کارکنوں کو اکٹھا کریں گے۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی طرف سے الیکشن کی تیاری شروع کرنے کا اعلان، جی ڈی اے نے سندھ میں پپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دینے کی تیاریوں کا  آغاز کر دیا۔

پی ٹی آئی کے بعد سندھ میں سب سے بڑی اتحادی جماعت نے بھی پپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دینے کے لئے حکمت عملی پر غور شروع کر دیا۔

فنکشنل لیگ کے جنرل سیکرٹری سردار عبدالرحیم نے کہا کہ جلد تمام اضلاع میں دورے کر کے پیپلزپارٹی کی ساڑھے 13 سالہ کارگردگی عوام کے سامنے لائیں گے۔

سردار عبدالرحیم نے کہا کہ پیر صاحب پگارا دوسری جماعتوں کی طرح موقع پرست نہیں، ہم خاندانی لوگ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیر صاحب شروع سے عمران خان کے ساتھ تھے، جب ان پر مشکل حالات آئے تب بھی پیر صاحب عمران خان کے ساتھ کھڑے رہے۔

سردار رحیم کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اب کس منہ سے انتخابات میں جائے گی؟ 13 سال کی کارگردگی عوام کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسری طرف اب ان پر بیرونی قوتوں کے ساتھ مل کر حکومت گرانے کا ثبوت بھی جلد عوام کے سامنے آئے گا۔

سردار رحیم نے مزید کہا کہ جلد اجلاس بلا کر حکمت عملی کو حتمی شکل دے کر سندھ کے دورے شروع کئے جائیں گے۔

صوبے بھر میں انتخابی تیاریوں کے سلسلے میں جلسے، جلوس اور ریلیاں منعقد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

فنکشنل لیگ، جی ڈی اے کے دیگر اتحادیوں کے ساتھ مل کر سندھ کی حکمران جماعت پیپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دینے کے لیے صوبے بھر میں کارکنوں کو اکٹھا کرے گی۔

متعلقہ تحاریر