ایلون مسک نے ٹوئٹر کے 3 ارب ڈالرز کے شیئر خرید لیے
سی ای او ٹیسلا کمپنی کے پاس ٹوئٹر کے مجموعی حصص کا 9.2 فیصد موجود، ٹویٹ میں ترمیم کیلیے 'ایڈٹ' کا بٹن بھی متعارف کروانے کا امکان۔

ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے گزشتہ روز بتایا کہ انہوں نے ٹوئٹر کے 9.2 فیصد حصص خرید لیے ہیں جن کی مالیت 3 ارب ڈالر ہے۔
اس کاروباری معاہدے کے بعد ایلون مسک مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے سب سے بڑے شیئر ہولڈر بن چکے ہیں اور اس وجہ سے کمپنی کے شیئرز میں 27 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
The consequences of this poll will be important. Please vote carefully. https://t.co/UDJIvznALB
— Parag Agrawal (@paraga) April 5, 2022
ایلون مسک نے ٹوئٹر پر ایک پول بھی شروع کیا تھا کہ کیا صارفین ٹویٹ میں ‘ایڈٹ’ کا بٹن چاہتے ہیں یا نہیں؟
اس فیچر پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پچھلے کافی عرصے سے کام کر رہا ہے۔
ٹوئٹر کے سی ای او نے ایلون مسک کے سوال پر جوابی ٹویٹ کرتے ہوئے صارفین کو متنبہ کیا کہ اس پول کے نتائج بہت اہم ہوں گے تو سوچ سمجھ کر ووٹ کیجیے گا۔
تین گھنٹے میں 12 لاکھ صارفین نے ٹویٹ کا جواب دیا جس میں 75 فیصد نے کہا کہ ‘ایڈٹ’ بٹن ہونا چاہیے جس سے پوسٹ میں ترمیم کی جاسکے۔
ایلون مسک ٹوئٹر کے شیدائی ہیں اور سنہ 2009 میں اس پلیٹ فارم کو جوائن کرنے کے بعد سے اب تک ان کے 8 کروڑ فالوورز ہیں۔
وہ اکثر ٹوئٹر کی پالیسیز پر تنقید کرتے ہیں، حال ہی میں انہوں نے ایک پول منعقد کیا جس میں صارفین سے پوچھا گیا کہ کیا اُن کے خیال میں ٹوئٹر آزادی رائے کے اصول کی پابندی کر رہا ہے؟ جس پر 70 فیصد صارفین نے ‘نہیں’ میں جواب دیا۔









