پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن اراکین علامتی اجلاس کیلیے ہوٹل پہنچ گئے
حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ پنجاب منتخب کیا جائے گا، مریم نواز بھی شرکت کریں گی، اجلاس کے آخر میں پریس کانفرنس ہوگی۔
پنجاب اسمبلی کا علامتی اجلاس لاہور کے ہوٹل میں ہوگا جس میں شرکت کے لیے جہانگیر ترین، علیم خان گروپ اور اپوزیشن کے اراکین پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔
گزشتہ روز ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے پہلے 6 اپریل کو ہونے والا اجلاس 16 اپریل کو بلانے کا اعلامیہ جاری کیا، پھر رات گئے اجلاس کی تاریخ تبدیل کر کے 6 اپریل کر دی۔
مسلم لیگ (ق) نے ڈپٹی اسپیکر کی طرف سے 6 اپریل کو اجلاس بلانے کا فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا تھا۔
آج صوبائی حکومت کی جماعت پی ٹی آئی نے اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی۔
دوسری طرف پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کر کے باہر خاردار تار لگا دیئے گئے جس کے بعد حزب اختلاف نے نجی ہوٹل میں علامتی اجلاس بلا لیا۔
علامتی اجلاس میں حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ پنجاب منتخب کیا جائے گا، اس میں نائب صر مسلم لیگ (ن) مریم نواز بھی شرکت کریں گی۔
اجلاس کے بعد مریم نواز اور حمزہ شہباز پریس کانفرنس کریں گے۔









