ہوٹل کا وزیراعلیٰ بننا مبارک ہو، مونس الہٰی کا حمزہ شہباز پر طنز
پنجاب اسمبلی کا علامتی اجلاس لاہور کے نجی ہوٹل میں منعقد ہوا، 199 اراکین نے ووٹ دے کر حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ منتخب کرلیا۔

لاہور کے نجی ہوٹل میں پنجاب اسمبلی کا علامتی اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں حمزہ شہباز کو صوبے کا وزیراعلیٰ منتخب کرنے کی قرارداد پیش کی گئی۔
علامتی اجلاس میں شریک اراکینِ صوبائی اسمبلی نے کھڑے ہو کر قرارداد کی منظوری دی۔
اس اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز اور مریم نواز سمیت پارٹی کے دیگر سینئر رہنما شریک تھے۔
پیپلزپارٹی، جہانگیر ترین اور علیم خان گروپ کے ارکانِ پنجاب اسمبلی بھی شریک ہوئے۔
ایم پی اے رانا مشہود نے دعویٰ کیا کہ اجلاس میں 200 سے زائد اراکینِ صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔
دوسری طرف ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کا کہنا تھا کہ اسمبلی سیشن کہیں بھی بلایا جاسکتا ہے، اس وقت صوبے کا کوئی چیف ایگزیکٹو نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانونی ماہرین سے مشاورت کی تو انہوں نے مشورہ دیا کہ آج ہی الیکشن کروا لیے جائیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق حمزہ شہباز ہوا میں معلق وزیراعلیٰ بنے ہیں، ان سے اس عہدے کے لیے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے حلف لینا ہے۔
سرفراز چیمہ کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے جو حمزہ شہباز سے حلف لینے سے انکار کرسکتے ہیں۔
حمزہ صاحب مبارک ہو Faletti’s Hotel کا CM بننے پر pic.twitter.com/fA9ABd2N32
— Moonis Elahi (@MoonisElahi6) April 6, 2022
اس تمام صورتحال پر مسلم لیگ (ق) کے رہنما مونس الہٰی نے ٹویٹ کرتے ہوئے حمزہ شہباز کو مبارکباد دی اور کہا کہ مبارک ہو آپ فلیٹیز ہوٹل کے وزیراعلیٰ بن گئے ہیں۔
پنجاب میں جمہوریت کا تماشہ بن گیا ہے، صوبائی اسمبلی کے مرکزی دروازے کو خاردار تار لگا کر بند کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کے خلاف ان کی اپنی ہی پارٹی نے تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے کئی روز قبل ہی استعفیٰ لیا جا چکا ہے۔ اب وزیراعلیٰ کے لیے ووٹنگ ہونا تھی تو اسمبلی بھی بند ہے۔
تین اپریل کو قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد سے نہ صرف پنجاب بلکہ وفاق میں بھی شدید آئینی بحران پیدا ہوچکا ہے۔









