آئی جی پنجاب کی تبدیلی کیلیے صوبائی حکومت کا وفاق کو خط
پی ٹی آئی حکومت کے دور میں ساتویں آئی جی کو ہٹا کر نیا آئی جی پنجاب لانے کی تیاری، انعام غنی، عامر ذوالفقار اور فیاض دیو کے نام شامل۔
حکومت پنجاب نے ایک مرتبہ پھر صوبے کا آئی جی تبدیل کرنے کا منصوبہ بنا لیا، ذرائع کے مطابق نئے آئی جی کے لیے تین نام وفاق کو بھیج دیئے گئے ہیں۔
آئی جی آفس ذرائع نے بتایا کہ نئے آئی جی پنجاب کے لیے صوبائی حکومت کی طرف سے تجویز کردہ تین افسران میں انعام غنی، عامر ذوالفقار اور فیاض دیو شامل ہیں۔
موجودہ آئی جی پنجاب راؤ سردار کو 7 ستمبر 2021 کو تعینات کیا گیا تھا، اگر انہیں بھی عہدے سے ہٹا کر نیا آئی جی تعینات کیا گیا تو پی ٹی آئی حکومت میں نئے آنے والے افسر پنجاب کے آٹھویں آئی جی ہوں گے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی جی پنجاب راؤ سردار نے سیاست میں مداخلت سے انکار کر دیا تھا جس کی وجہ سے انہیں عہدے سے ہٹایا جا رہا ہے۔
قبل ازیں، پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت بنی تو کلیم امام آئی جی تھے، تین مہینے بعد انہیں عہدے سے ہٹا کر محمد طاہر کو آئی جی پنجاب تعینات کیا گیا۔
ایک ماہ بعد امجد سلیمی آئی جی بن گئے، چھ ماہ گزار کر انہیں بھی رخصت پر جانا پڑا۔
عارف نواز کو آئی جی پنجاب بنایا گیا لیکن 7 مہینے بعد ہی انہیں ہٹا کر شعیب دستگیر کی بطور آئی جی تقرری کر دی گئی۔
9 مہینے بعد ان کا ٹرانسفر کر کے جنوبی پنجاب کے آئی جی انعام غنی کو پورے صوبے کا پولیس سربراہ مقرر کیا گیا۔
بعد ازاں انعام غنی کو ہٹا کر سردار علی خان کو ساتواں آئی جی پنجاب تعینات کیا گیا اور اب انہیں بھنی ہٹانے کیلیے وفاق کو خط لکھا جا چکا ہے۔