ایندھن نہ خریدا جاسکا، ملک بھر میں بجلی کاشارٹ فال 5300 میگا واٹ تک پہنچ گیا

بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار300 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے، شارٹ فال کے باعث ملک میں آٹھ سے دس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

غیر یقینی سیاسی صورت حال توانائی کے شعبے کے لیے نئے مسائل پیدا کردیئے، ایل این جی کی عدم خریداری اور ہائیڈل پیداوار کم ہونے سے ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار300 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔ شارٹ فال کے باعث ملک میں آٹھ سے دس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

وزارت توانائی کے پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق ایل این جی کی خریداری کے لیے مطلوبہ رقم جاری نہیں ہوسکی ہے  اور جس سے بجلی کی پیداوار میں کمی ہوگئی ہے،  اس وقت بجلی کی مجموعی پیداوار 16 ہزار200 میگاواٹ جبکہ طلب 21 ہزار 500 میگاواٹ تک ہے۔

یہ بھی پڑھیے

روس یوکرین جنگ، ایل این جی مہنگی ہونے کا خدشہ، پاکستان کیلیے مشکلات

آر ایل این جی کی قیمت میں کمی،سریے کے نرخ آسمان پر جاپہنچے

ذرائع نے بتایا کہ پن بجلی ذرائع سے 1200 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے جبکہ گزشتہ سال ان دنوں میں پن بجلی ذرائع سے بجلی کی پیداوار 3 ہزارمیگاواٹ تک تھی ، اس وقت سرکاری تھرمل پاورپلانٹس 3 ہزارمیگاواٹ اور نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 12 ہزارمیگاواٹ تک ہے۔

 ذرائع کے مطابق ایل این جی کی درآمد کےلیے ای سی سی نے 25 ارب روپے کی منظوری دی تھی مگر مقررہ فنڈزجاری نہ ہوسکے جس سے ایل این جی کی خریداری کےلیے ایل سی نہ کھل سکی، آئیسکو ذرائع کے مطابق اسلام آباد راولپنڈی اور دیگر قریبی شہروں کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی آئیسکو کا شارٹ فال 200 سے 250 میگاواٹ ہے جس کے باعث مختلف دورانئے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

ترجمان آئیسکو کے مطابق کمپنی کو مقررہ کوٹے کے مطابق بجلی فراہمی کی صورت میں لوڈمینجمنٹ ختم کردی جائے گی اور بلاتعطل بجلی فراہم کی جائے گی۔ رمضان میں لوڈ شیڈنگ سے عوام پریشان ہیں اور ایسے میں گرمی کے بڑھتے پارے نے مزید مشکلات کر دی ہیں۔

متعلقہ تحاریر