ہم خانہ جنگی سے چند قدم دور ہیں، فواد چوہدری نے خبردار کردیا

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان نے تحمل کا مظاہرہ کیا ہے ورنہ ملک میں خانہ جنگی چھڑ جاتی، درآمد شدہ رہنما بھی ملک سے باہر نا جاسکتے۔

آج پنجاب اسمبلی وزیراعلیٰ کے انتخاب سے قبل میدان جنگ بنی رہی، ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری پر اراکین اسمبلی نے حملہ کیا، اُن کے بال نوچے گئے۔

اس تمام منظر کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے دنیا نیوز کے بیوروچیف خاور گھمن نے سوال کیا کہ کیا ہم سول خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہے ہیں؟

جواب میں سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ہم ایک مکمل خانہ جنگی سے چند قدم دور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بہت تحمل کا مظاہرہ کیا ہے ورنہ وہ بھی اس ناراض جتھے کو نہیں روک پاتے اور یہ ملک سویلین خانہ جنگی کا نشانہ بنتا۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ درآمد شدہ رہنما بھی ملک سے بھاگنے کے قابل نہیں رہیں گے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ فواد چوہدری نے خانہ جنگی کے حوالے سے خبردار کیا ہے یا دھمکی دی ہے؟

تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اقتدار کے خاتمے کے بعد ہر سیاسی پارٹی رونا گانا شروع کر دیتی ہے، یہ سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے۔

سیاستدانوں کو کھلے دل کے ساتھ اپنی شکست تسلیم کرنی چاہیے اور اپنی کارکردگی کو بہتر بنا کر دوبارہ برسراقتدار آنے کی کوشش کرنی چاہیے نہ کہ مخالفین کے خلاف منفی پراپیگنڈا کر کے خود کو صحیح ثابت کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

متعلقہ تحاریر