عمران خان کا کراچی جلسہ، تمام بڑے صحافی اور اخبارات جلسے کی کامیابی کے معترف

اخبارات اور سینئر صحافیوں کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کراچی کا جلسہ تاریخ کا ایک بڑا جلسہ تھا جس میں لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی زیرقیادت پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جلسے کو پاکستان کے تمام بڑے بڑے اخبارات ،  سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز نے کامیاب جلسہ قرار دیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے معروف اینکر پرسن اور سینئر صحافی کامران خان نے لکھا ہے کہ "عمران خان کا کراچی کا جلسہ واقعی تاریخی جلسہ تھا ، میٹروپولیٹن شہر نے اس سے پہلے کبھی اتنا بڑا جلسہ نہیں دیکھا۔”

کامران خان نے مزید لکھا ہے کہ "لوگوں نے سو فیصد رضاکارانہ طور پر جلسے میں شرکت کی ، لاکھوں شرکاء میں بوڑھے ، جوان ، مرد ، خواتین اور یہاں تک کہ بچے بھی شامل تھے۔ عمران خان کے خطاب کے بعد جناح پارک کو خالی کرنے میں 2 گھنٹے لگے۔”

عمران خان کے ناقد صحافی فہد حسین بھی جلسے کی کامیابی کی تعریف کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ "اگر ہم مصالحت سے ساری چیزوں کو دیکھیں تو پی ٹی آئی کا کراچی واقعی ایک بڑا جلسہ تھا۔ عمران خان حکومت سے نکلنے کے بعد ایک مجمعے کو اکٹھا کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔”

 

انہوں نے مزید لکھا ہے کہ "اس بات سے قطعیٰ نظر ان کی کارکردگی کیسی تھی ان کے خطاب نے چاروں جانب ایک آگ لگا دی ہے۔”

جیونیوز کے سینئر اینکر پرسن شہزاد اقبال نے جلسے کی کامیابی کے حوالے سے لکھا ہے کہ ” کراچی میں پی ٹی آئی کا جلسہ ایک بڑا جلسہ تھا باغ جناح کے اندر اور باہر لوگ موجود تھے۔ عمران خان کا الیکشن کا مطالبہ کردیا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا یہ تحریک برقرار رہے گی اور حکومت کو قبل از وقت انتخابات کے لیے مجبور کردے گی یا چند ہفتوں میں ختم ہو جائے گی؟”

پی ٹی آئی کے جلسے کی کامیابی کے حوالے سے دی نیشن اخبار نے لکھا ہے کہ "چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کراچی میں تاریخی جلسے میں شرکت کے لیے پنڈال پہنچ گئے۔”

انگریزی کا معروف اخبار ایکسپریس ٹربیون لکھتا ہے کہ "پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے رات کراچی میں پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے جلسے سے خطاب کیا۔ باغ جناح کا گراؤنڈ جلسے کے شرکاء سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔”

متعلقہ تحاریر