پاکستان ریلویز 230 جدید مسافر کوچز خریدے گی

پہلے مرحلے میں 46 کوچز امپورٹ کی جائیں گی۔ دوسرے مرحلے میں 184 کوچز کیرج فیکٹری اسلام آباد میں خام مال سے تیار کی جائیں گی۔

پاکستان ریلویز نے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے 230 جدید اور تیز رفتار مسافرکوچز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ ٹینڈر جاری کردیا گیا ہے۔

مذ کورہ 230 ماڈرن کوچز2 مرحلوں میں خریدی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں 46 کوچزامپورٹ کی جائیں گی۔ جبکہ دوسرے مرحلے میں 184 کوچز کیرج فیکٹری اسلام آباد میں خام مال سے تیار کی جائیں گی۔

ان 230 کوچز میں 80 اکانومی کلاس کوچز، 80 اے سی اسٹینڈرڈ، 30 پارلرکار، 20 لیگیج وین اور 20 بریک وین شامل ہیں۔

اس اقدام کا مقصد بزنس ٹارگٹ بڑھانے، پاکستان ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنانے اورمسافروں کو جدید سفری سہولیات مہیا کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سویڈش سرمایہ کارکی اولین ترجیح انڈیا نہیں پاکستان

ٹینڈر کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اس کا ایک سیمینار بھی منعقد کیا جا چکا ہے۔ جس میں 69 مندوبین نے شرکت کی۔ سیمینار میں سرکاری افسران، بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندے اورپبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔

سیمینار میں پیش کی جانے والی تجاویز پرپاکستان ریلوے نے مکمل غور کیا تاکہ خریداری کے عمل میں مزید شفافیت لائی جائے۔

مذکورہ کوچز کے استعمال سے نہ صرف عوام کی سفری سہولیات میں بہتری آئے گی بلکہ پاکستان ریلوے اپنی آمدن میں بھی خاطر خواہ اضافہ کرے گا۔

اس کے علاوہ پاکستان ریلوے نے 820 مال بردار گاڑیاں خریدنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جن کا باقاعدہ ٹینڈر جاری کردیا گیا ہے۔ ان میں سے 200 مال گاڑیاں مکمل امپورٹ کی جائیں گی۔ جبکہ 620 مال گاڑیاں خام مال سے ریلوے ورکشاپ میں تیار کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان میں آئندہ سال بھی چینی کے بحران کے خدشات

متعلقہ تحاریر