امریکی سیکرٹری خارجہ و دفاع کی یوکرینی صدر سے ملاقات

دونوں عہدیدران نے وولدومیر زیلنسکی کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی، نئے امریکی سفیر سمیت یوکرین کو جاری سیکیورٹی معاونت کا جائزہ۔

امریکی سیکرٹری خارجہ اینٹونی بلنکن اور سیکرٹری دفاع للوائڈ آسٹن نے ٹرین کے ذریعے یوکرین کے دارالحکومت کیف کا دورہ کیا، دورے کا مقصد یوکرینی صدر وولدومیر زیلنسکی سے ملاقات کرنا تھا۔

دونوں امریکی عہدیداران نے یوکرینی صدر کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ ہمارے لیے اور یوکرین کیلیے بہت اہم تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اہم موقع تھا کہ ہم نے یوکرین کو فراہم کردہ سیکیورٹی، معاشی، انسانی مدد فراہم کرنے پر گفتگو کی۔

اینٹونی بلنکن نے کہا کہ روس پر امریکا کی طرف سے جنگ کو روکنے کیلیے ڈالے گئے دباؤ پر بھی بات کی گئی۔

صدر ولدومیر زیلنسکی نے امریکی صدر جو بائیڈن کی قیادت اور امریکی عوام کی طرف سے امداد اور حمایت پر بےحد شکریہ ادا کیا۔

اگلے ہفتے سے امریکی سفارتکاروں کی یوکرین میں واپسی اور جوبائیڈن کی جانب سے یوکرین کیلیے نئے سفیر کی نامزدگی پر بات چیت کی گئی۔

جوبائیڈن نے بریجٹ برنک کو یوکرین کیلیے نیا سفیر نامزد کیا ہے جو کہ اس وقت سلواکیہ میں سفیر تعینات ہیں۔

امریکی سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ روس یوکرین میں بہت ظلم ڈھا رہا ہے لیکن یوکرینی عوام اس کے خلاف کھڑی ہے اور ہم پوری دنیا سے یوکرین کی مدد کیلیے رابطے کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ روس کے خلاف سخت دباؤ اور 30 سے زائد ممالک کا یوکرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سیکیورٹی میں مدد فراہم کرنا نتیجہ خیز ثابت ہورہا ہے۔

امریکی سیکرٹری دفاع للوائڈ آسٹن نے کہا کہ صدر زیلنسکی کے ساتھ ملاقات میں یوکرین کی سیکیورٹی کے حوالے سے معاونت کا جائزہ لیا گیا تاکہ روس کو پیچھے دھکیلا جاسکے۔

آج سیکرٹری دفاع جرمنی میں کئی وزرا اور دفاعی حکام سے بھی اس سلسلے میں ملاقات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان ملاقاتوں میں یوکرین کی افواج کیلیے اضافی صلاحیت اور استعداد میں اضافے کے حوالے سے جائزہ لیا جائے گا۔

امریکی محکمہ دفاع کے مطابق یوکرین کو روزانہ کی بنیادوں پر امریکا اور اتحادی ممالک کی طرف سے امداد بھیجی جا رہی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اب تک کاؤنٹر آرٹلری ریڈار، ٹیکٹیکل فضائی سسٹم اور اس کی ٹریننگ اس معاونت میں شامل ہے جو کہ یوکرین کو دی جارہی ہے۔

متعلقہ تحاریر