پشاور، مسجد نبویؐ کے واقعے کی مذمت کرنے پر امام مسجد کا گھیراؤ

حیات آباد کی مسجد میں جمعے کے خطبے کے دوران امام مسجد نے پی ٹی آئی کارکنوں کی حکومتی وفد سے بدتمیزی کا ذکر کیا تو ان کا گھیراؤ کرلیا گیا۔

صحافی افتخار فردوس نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پشاور کے علاقے حیات آباد کی ایک مرکزی مسجد میں امام نے جمعہ کے خطبے میں گزشتہ روز مسجد نبوی ﷺ میں پیش آنے والے افوسناک واقعے کا ذکر کیا۔

صحافی کے مطابق امامِ مسجد نے خطبے میں بتایا کہ سعودی عرب میں پی ٹی آئی کے حامیوں اور حکومتی وفد کے درمیان کیا ہوا۔

اس کے بعد پی ٹی آئی حامیوں نے مسجد کے امام کو گھیر لیا اور علاقے کے بڑوں کو انہیں بچانے کیلیے بیچ میں آنا پڑا۔

افتخار فردوس نے کہا کہ بعد ازاں پولیس کو مداخلت کرنا پڑی اور مسجد میں احتجاج کرنے والوں سے درخواست کی گئی کہ آپ یہاں سے چلے جائیں۔

احتجاجی افراد کو یقین دہانی کروائی گئی کہ امامِ مسجد کو برطرف کر دیا جائے گا۔

افتخار نے کہا کہ میں ویڈیو اس لیے شیئر نہیں کر رہا کیونکہ اس سے معاملے کو مزید ہوا ملے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز مسجد نبوی ﷺ میں کابینہ اراکین اور حکومتی شخصیات عبادات کیلیے گئیں تو پی ٹی آئی کے حامیوں نے ان پر نعرے بازی کی، مغلظات بکیں۔

شاہ زین بگٹی کو چند افراد نے گھیر کر تشدد کرنے کی کوشش کی اور ان کے بال کھینچے۔

متعلقہ تحاریر