عمران خان کے الزامات پر ترین اور علیم میدان میں آگئے

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا علیم خان 300 ایکڑ اراضی قانونی کروانا چاہتے تھے، جہانگیر ترین سے چینی بحران پر اختلاف شروع ہوا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ علیم خان مجھ سے امید رکھتے تھے کہ میں ان کی زمین کو قانونی حیثیت دلوا دوں گا، وہ راوی پر 300 ایکڑ زمین خرید کر قانونی کروانا چاہتے تھے۔

یہ بات عمران خان نے گزشتہ روز ایک پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر علیم خان اور میرے درمیان اختلافات پیدا ہوئے۔

اپنے ایک اور رازدان جہانگیر ترین کے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جہانگیر ترین کا مسئلہ ملک میں چینی بحران پر کمیشن بنانے سے ہوا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ جہانگیر ترین ان افراد کی حمایت کرنے لگے جو کہ ڈاکو ہیں۔

شوگر مافیا کے خلاف انکوائری شروع ہوئی تو جہانگیر ترین ناراض ہوگئے۔

عمران خان کے بیان پر علیم خان نے انہیں ٹی وی پر مناظرے کا چیلنج دے دیا۔

علیم خان نے کہا کہ میرے پاس 300 ایکڑ نہیں 3 ہزار ایکڑ زمین ہے، میں نے زمین قبضہ نہیں کی بلکہ نجی زمینداروں سے خریدی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ زمین اب روڈا کے پاس ہے، روڈا وہی اتھارٹی ہے جو عمران خان نے خود بنائی تھی۔

انہوں نے استفسار کیا کہ یہ زمینیں روڈا نے سرکاری قیمت پر خرید کر پرائیوٹ بلڈرز کو کیسے دے دیں؟

علیم خان نے کہا کہ دس سال عمران خان کے ساتھ رہا، کیا اس لیے کہ صرف 300 ایکڑ زمین کا اسٹیٹس تبدیل کروانا تھا؟

ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ منہ کھلوانا چاہتے ہیں تو کسی ٹی وی چینل پر مجھ سے اور جہانگیر ترین سے مناظرہ کریں۔

علیم خان نے مزید کہا کہ عمران خان سچ بولیں تاکہ عوام کو اصل حقیقت پتا چل سکے۔

دوسری طرف جہانگیر ترین گروپ کے اہم رہنما اور پی ٹی آئی کے منحرف رکن راجا ریاض نے بھی عمران خان کے بیان پر سخت ردعمل دیا۔

راجا ریاض نے کہا کہ ہم بھی خاموش نہیں بیٹھیں گے اور عوام کو اصل حقیقت سے آگاہ کریں گے۔

متعلقہ تحاریر