بھارت، شزا فضا کی طرح دو بہنوں کی ایک دوسرے کے دلہوں سے شادی
مدھیاپردیش میں دو سگی بہنوں کی شادی کے دوران بجلی گئی تو انہوں نے غلط دلہوں کے ساتھ پھیرے لیے، برادری نے دوبارہ پھیرے کروا کر شادی کی۔
بھارت میں شدید گرمی کی وجہ سے بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے، دو بہنوں کی شادی کے دوران بجلی چلی گئی اور ان کی شادیاں ایک دوسرے کے دلہوں سے ہوگئیں۔
بھارتی ریاست مدھیاپردیش میں دونوں سگی بہنوں کی شادی دو علیحدہ خاندانوں سے تعلق رکھنے والے دلہوں سے ہونا تھی اور دلہنیں پھیرے لے رہی تھیں۔
گاؤں میں شادی کی تقریبات میں دلہنیں چہرے ڈھانپتی ہیں، دونوں دلہن بہنوں نے ایک جیسا عروسی لباس پہنا ہوا تھا۔
یہ سب عوامل تو اپنی جگہ لیکن بجلی بھی چلی گئی اور دونوں لڑکیوں کو پہچاننا مشکل ہو گیا۔
نکیتا اور کرشما کی شادی دنگوار بھول اور گنیش سے ہو رہی تھی، شادی کی رسومات جاری تھیں کہ بجلی چلی گئی اور اندھیرا ہوگیا۔
اندھیرے میں بھی شادی کی رسمیں چلتی رہیں اور دونوں بہنوں نے ایک دوسرے کو دلہوں کے ساتھ پھیرے لے لیے۔
غلط شادیاں ہونے پر خاندانوں میں تکرار ہوئی لیکن برادری کے افراد نے معاملہ کو سلجھا دیا۔
طے یہ پایا کہ دونوں بہنوں کی دوبارہ شادی ہوگی، اس کے بعد دونوں بہنوں کو ان کے اصل دلہا کے ساتھ بیاہا گیا۔