انتخابات کا اعلان کردیں ورنہ انقلاب آئے گا، عمران خان
چیئرمین پی ٹی آئی کا مردان میں جلسے سے خطاب، کہا کہ آپ کو تیار کرانے آیا ہوں، اسلام آباد آنے کی کال دوں تو آپ نے آنا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے مردان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی قیادت کون کرے گا؟ یہ فیصلہ مفرور لوگ نہیں بلکہ عوام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کا اعلان نہیں کیا گیا تو اسلام آباد آنے والا سمندر سب کو بہا دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے غلام عوام نہیں وہ ہیں جن کے اربوں ڈالر بیرون ملک محفوظ ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری پاکستان کی سب سے بڑی بیماری ہیں، اسلام آباد آنے والے خوف ختم کر دیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیزل کے پرمٹ لینے کے لیے بک جانے والے کو مولانا نہیں کہہ سکتا، ڈیزل نے وہ وزارت پکڑی جس میں سب سے زیادہ پیسہ بنایا جائے۔
انہوں نے مردان کے لوگوں کے جذبے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کو تیار کرانے آیا ہوں تاکہ اسلام آباد کی کال دوں تو آپ وہاں آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو مجھ سے کم عمر ہیں وہ نوجوان ہیں، آپ لوگوں کو اسلام آباد سیاست کیلیے نہیں انقلاب لانے کے لیے بلا رہا ہوں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اسلام آباد اس لیے پہنچیں تا کہ قوم کی اخلاقیات کو بچایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بڑی مشکل سے ملک کی معیشت کو پیروں پر کھڑا کیا تھا۔
2018 میں معیشت تباہ حال تھی، قرضے واپس کرنے تک کے پیسے نہ تھے، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین سے پیسے لے کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
عمران خان نے کہا کہ جب مجھے سازش کا پتا چلا تو ان لوگوں کے پاس گیا جو اس کو روک سکتے تھے لیکن انہوں نے کچھ نہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ شوکت ترین کو بھیجا اور ہدایت کی کہ جو خود کو نیوٹرل کہہ رہے ہیں انہیں کہو ملک کی معیشت تباہ ہو جائے گی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے کس کس نے سازش کی ہے، سازش کرنے والے ہر میر جعفر کی شکل میرے دل میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول امریکا جا کر پیسے مانگے گا کہ ہماری مدد کریں ورنہ عمران واپس آجائے گا۔
امریکیوں کا مجھے معلوم ہے، وہ کہتے ہیں کچھ بھی مفت نہیں، امریکا سے جو امداد ملے گی اس کے بدلے پاکستانیوں کی آزادی سلب کر لی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر کے ہوتے ہوئے شفاف انتخابات نہیں ہوسکتے۔