ویڈیو میں نام بتادیئے، قتل کیا گیا تو ویڈیو سامنے آجائیگی، عمران خان
سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا مجھے جان سے مارنے کی سازش ہورہی ہے، ویڈیو میں ذمہ داران کے نام بتا کر ریکارڈ کروا دیئے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے قتل کرنے کی سازش ہو رہی ہے، اس سازش کا بھی مجھے پہلے سے معلوم تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ایک ویڈیو پیغام ریکارڈ کروا دیا ہے، اگر مجھے کچھ بھی ہوا تو یہ ویڈیو پوری قوم کے سامنے آجائے گی۔
سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے ممکنہ ذمہ دار افراد کے نام لے کر ویڈیو ریکارڈ کروا دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے جان سے مارنے کی سازش کرنے والے ذمہ داران کے نام ویڈیو میں لے لیے ہیں اور اسے محفوظ جگہ پر رکھوا دیا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ مجھے کچھ بھی ہوا تو عوام کو پتہ چل جائے گا کہ کون کون لوگ میرے خلاف سازش کر رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے سازش کر کے ہمیں بڑے میدان میں جلسہ نہیں کرنے دیا، نواز شریف بزدل ہے، اس نے کبھی ایمانداری سے کوئی کام نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ میں آج تک کبھی کوئی انقلاب کو نہیں روک سکا، یہ سیاست نہیں ہو رہی انقلاب آ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس انقلاب کو نا تو نواز شریف روک سکتا ہے، نا شہباز شریف اور نا ان کا بیٹا، نا ہی وزیر داخلہ، اس انقلاب کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔
عمران خان نے کہا کہ ساڑھے تین سال تک کوشش کی کہ 30 سال ملک لوٹنے والوں کو سزا ہو، طاقتور عہدے پر بیٹھے افراد کرپشن کو برا نہیں سمجھتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ کو 20 مئی کے بعد کال دوں گا، آپ نے اسلام آباد پہنچنا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عدلیہ سے عاجزی اختیار کر کے سوال کرتا ہوں کہ میں کتنا خطرناک ہوگیا تھا جو مجھے رات 12 بجے عدالتیں کھول کر نکالا گیا؟
انہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ ملک دیوالیہ ہونے کے بعد امریکا جائیں گے اور بھیک مانگیں گے۔
باہر والوں کی ایجنسیوں کو سب معلوم ہے کہ تمہارے اکاؤنٹس میں کتنے پیسے موجود ہیں۔









