این ای ڈی یونیورسٹی، کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے تحت انٹرنیشنل کانفرنس
وزیر جامعات اسماعیل راہو نے کہا تدریس وتحقیق کے فروغ میں دلچسپی رکھتے ہیں، دو روزہ کانفرنس سے ملکی و غیرملکی علمی شخصیات نے خطاب کیا۔
جامعہ این ای ڈی شعبہ کوالٹی انہاسمنٹ سیل کے تحت پہلی دو روزہ انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، وزیر جامعات و بورڈز اسماعیل راہو نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کوالٹی اشورنس کی بدولت علمی و تحقیقی معیار کی بہتری کا سفر جاری رہے۔
جامعہ این ای ڈی کے تحت دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان ”انٹر نیشنل کانفرنس آن فیوچر ٹرینڈز آف کوالٹی اشورنس اِن ہائر ایجوکیشن 2022″ منعقد کی گئی۔
کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ہم تدریس وتحقیق کے فروغ میں دل چسپی رکھتے ہیں، سندھ میں یونی ورسٹی ایکٹ کی منظوری کے بعد 25 سے زائد جامعات علم دوستی کا ثبوت ہیں۔
کانفرنس استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کیو ای سی این ای ڈی یونی ورسٹی پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ کا کہنا تھا کہ کوالٹی انہاسمنٹ سیل کی یہ کانفرنس سندھ ایچ اِی سِی کے اشتراک سے پاکستان میں پہلی بار ہو رہی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس نا صرف معیار کے نظام کی بہتری کی بات کرے گی بلکہ دنیا میں متعارف ہونے والے نئے نظام، معیاراور نئی تکنیکی صلاحیتوں کا احاطہ کرے گی۔
اس موقع پر پرو وائس چانسلر ضیا الدین یونی ورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ندا حسین، ڈاکٹر ڈونلڈ اسٹوب سمیت 4 بین الاقوامی اسپیکرز نے کانفرنس سے خطاب کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ انجینئرنگ سیکٹر کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھالا جائے۔
چیئرمین ایچ ای سی سندھ ڈاکٹر طارق رفیع، وائس چانسلر ڈی ایچ اے صُفا یونیورسٹی ڈاکٹر افضل حق، وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی ضیا الحق، وائس چانسلر جی ایس یونیورسٹی حیدرآباد ڈاکٹر طیبہ ظریف، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل، رجسٹرار این ای ڈی سید غضنفر حسین نقوی سمیت ملک بھر سے مختلف جامعات کے وائس چانسلرز سمیت متعدد ڈائریکٹر کیو ای سیز نے کانفرنس میں شرکت کی۔
اس دو روزہ کانفرنس میں 5 بین الا قوامی، 2 قومی کی نوٹ اسپیکرز کےعلاوہ 15 ماہرین نے اپنے مقالہ جات پڑھے۔