ایسی حکومت سے بہتر ہے عوام کی عدالت میں چلے جائیں، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے سرگودھا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام میں جائیں گے اور دو تہائی اکثریت لے کر واپس آئیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ایسی حکومت سے بہتر ہے ہم عوام کی عدالت میں چلے جائیں اور نواز شریف دو تہائی اکثریت لے کر واپس آجائے۔

سرگودھا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ کیا کہ عمران خان کی تباہی مسلم لیگ (ن) کو اپنے سر پر رکھنی چاہیے؟

انہوں نے پوچھا کہ کیا ہمیں حکومت میں رہنا چاہیے یا پھر حکومت چھوڑ دینی چاہیے؟

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں آپ کے ساتھ ہوں، عمران خان جیسی حکومت کو جہاں روزانہ عوام پر مہنگائی کا طوفان آئے، اس حکومت کو چھوڑنا بہتر ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ سرگودھا نواز شریف سے عشق کرنے والوں کا شہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے کہتے تھے نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی، آج نواز شریف سے کہتے ہیں واپس آجاؤ۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ نواز شریف نے ضرب عضب اور ردالفساد لڑا، سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر دہشتگردی ختم کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ ایک اناڑی، نااہل اور نالائق آدمی کو 22 کروڑ عوام پر مسلط کیا گیا۔

ساڑھے تین سال میں معیشت تباہ ہوگئی، ایک اینٹ لگائے بغیر ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیا۔

مریم نواز نے کہا کہ چار سال میں ملک کو تباہ کرنے والا پوچھتا ہے شہباز شریف نے چار ہفتوں میں کیا کیا؟ نالائق 40 تقریریں کرچکا لیکن اپنی کارکردگی کے بارے میں ایک منٹ نہیں بول سکتا۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹے نے جعلی خط اور غیر ملکی سازش کا ڈرامہ رچایا، ثبوت نہیں دیئے، قتل کی سازش کا بھی ثبوت نہیں دیا، جھوٹے خان کے پاس کسی ڈرامے کا ثبوت نہیں۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عمران خان، تم نے مریم نواز شریف کو نہیں پنجاب کی ہر بیٹی کو گالی دی ہے، تم نے پاکستان کی ہر بیٹی کو گالی دی، مریم کے پاس غیر ملکی آتا ہے تو اس وقت مریم پاکستانی ہوتی ہے۔

متعلقہ تحاریر