وزیراعظم نے نئے بحری جہاز پی این ایس بدر کا افتتاح کردیا
پی این ایس بدر ملجم کلاس کارویٹ جہاز ہے جسے ترکی کے مشترکہ تعاون کے ساتھ بنایا گیا ہے، آبدوز شکن ہتھیاروں سے لیس ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک بحریہ کے ملجم کلاس کارویٹ جہاز پی این ایس بدر کی لانچنگ تقریب میں شرکت کی، یہ تقریب کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں منعقد ہوئی۔
نیا لانچ کردہ ملجم کلاس جہاز پی این ایس بدر جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہے۔
اس جہاز میں زمین سے زمین اور زمین سے فضاء میں مار کرنے والے میزائل سمیت آبدوز شکن ہتھیار شامل ہیں۔
پاکستان نیوی کیلیے چار ملجم کلاس کارویٹ جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ DGMP اور ایم ایس اسفات کے درمیان 2018 میں طے پایا تھا۔
معاہدے کے تحت دو جہاز ترکی میں استنبول نیول شپ یارڈ جبکہ دیگر دو جہاز کراچی شپ یارڈ پاکستان میں تعمیر کیے جانا تھے۔
اس منصوبے کے سلسلے کا پہلا جہاز پی این ایس بابر، اگست 2021 میں ترکی میں لانچ کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب کو ایک تاریخی موقع قرار دیا جہاں وزارت دفاعی پیداوار، پاکستان نیوی، کراچی شپ یارڈ اور ایم ایس اسفات، ترکی نے مشترکہ طور پر اس جدید ترین جہاز کی تعمیر میں تعاون کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بحری جہازوں کی مقامی سطح پر تعمیر ہماری قومی پالیسی میں سرفہرست ہے اور پاکستان میں جدید جنگی جہازوں کو تعمیر ہوتے دیکھنا خوش آئند ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پروجیکٹ مستقبل کی ضروریات اور برآمدی صلاحیت کیلیے درکار ڈیزائن اور تعمیراتی صلاحیت کے حصول کو یقینی بنائے گا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے اس موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں کرونا وبا ء کے باوجود پاکستان ترکی ملجم منصوبے کی بروقت تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ ملجم منصوبہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات اور دفاعی صنعت میں مہارت کے تبادلے کے عزم کا مظہر ہے۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی مقام اور موجودہ جغرافیائی تزویراتی ماحول بحری مفادات کے دفاع کیلیے ایک مضبوط بحریہ کی تعمیر کا متقاضی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے سمندری تجارتی راستوں اور وسیع خصوصی اقتصادی زون (EEZ) کو موثر طریقے سے محفوظ کرنے کی ضرورت ہے۔
نیول چیف نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کراچی شپ یارڈ پبلک سیکٹر کی ان چند تنظیموں میں سے ایک ہے جنہوں نے گزشتہ دہائی کے دوران قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
تقریب میں ترکی کے وزیر برائے قومی دفاع، دونوں ممالک کے معززین، پاک بحریہ اور کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔