شیریں مزاری بہادر ہیں، ہم گرفتاری پر احتجاج کرینگے، عمران خان

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر امپورٹڈ حکومت سمجھتی ہے کہ وہ شیریں مزاری کو جھکا لے گی تو وہ غلط ہے، انسانی حقوق کمیشن نے بھی مذمت کردی۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی کی مرکزی رہنما شیریں مزاری کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اطلاعات کے مطابق شیریں مزاری کو ان کے گھر کے باہر سے بہیمانہ انداز میں اغوا کیا گیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ شیریں بہادر اور بےخوف ہیں، اگر امپورٹڈ حکومت سمجھتی ہے کہ وہ شیریں مزاری کو اس فاشزم کے ذریعے جھکا لے گی تو انہوں نے غلط حساب لگایا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہماری تحریک مکمل طور پر پُرامن ہے لیکن یہ فاشسٹ امپورٹڈ حکومت ملک کو افراتفری کی طرف دھکیلنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کو چکر دینا کافی نہیں تھا کہ یہ حکومت اب انتخابات سے بچنے کے لیے انارکی پھیلانا چاہتی ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ہم اس گرفتاری کے خلاف احتجاج کریں گے اور کل کور کمیٹی کی میٹنگ کے بعد لانگ مارچ کا اعلان کریں گے۔

دوسری طرف پاکستان کے انسانی حقوق کمیشن نے بھی سینئر پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔

ایچ آر سی پی نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی گرفتاری سیاسی انتقام کا شاخسانہ ہے جو کہ ہمارے یہاں معمول کی بات بن گئی ہے۔

انسانی حقوق کمیشن کی ٹویٹ میں مزید درج تھا کہ شیریں مزاری کو ایک طریقہ کار کا حق حاصل ہے اور اس واقعے کی فوری تحقیقات ہونی چاہئیں۔

متعلقہ تحاریر