وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے شیریں مزاری کی رہائی کا حکم دیدیا
شیریں مزاری بطور خاتون قابل احترام ہیں، مسلم لیگ (ن) خواتین کے احترام پر یقین رکھتی ہے، اینٹی کرپشن عملے کیخلاف تحقیقات ہونی چاہئیں، حمزہ شہباز۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کی فوری رہائی کا حکم دے دیا، شیریں مزاری بطور خاتون قابل احترام ہیں، کسی بھی خاتون کی گرفتاری معاشرتی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شیریں مزاری کو گرفتار کرنے والے اینٹی کرپشن عملے کے خلاف تحقیقات ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ تفتیش اور تحقیقات میں گرفتاری ناگزیر ہے تو قانون اپنا راستہ خود بنا لے گا۔
انہوں نے کہا کہ شیریں مزاری کی گرفتاری کے عمل سے اتفاق نہیں کرتا۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) بحیثیت سیاسی جماعت خواتین کے احترام پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے بارے میں بےہودہ زبان کی مذمت کرتے ہیں مگر انتقام ہمارا شیوہ نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ راولپنڈی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ شیریں مزاری کو اینٹی کرپشن کی تحویل سے چھڑا کر فوری طور پر رہا کیا جائے۔