ن لیگ کا اوکاڑہ جلسہ ملتوی، وجہ خراب موسم یا عوام کی کم تعداد میں شرکت

مسلم لیگ ن نے خراب موسم کے باعث اوکاڑہ میں پاور شو ملتوی کر دیا تاہم بعض اطلاعات کے مطابق عوام کی کم شرکت کے باعث اسے منسوخ کر دیا گیا۔

پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل ن) نے گزشتہ روز اوکاڑہ میں ہونے والا اپنا جلسہ شہر اور پنجاب کے دیگر حصوں میں شدید بارش اور خراب موسم کی وجہ سے ملتوی کردیا تھا جبکہ نیوز 360 کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسہ منسوخ کرنے کی اصل وجہ لوگوں کی جلسہ گاہ میں عدم شرکت ہے۔

23 مئی کو مسلم لیگ (ن) کی زیراہتمام اوکاڑہ میں جلسہ منعقد کرنے کی کال دی گئی تھی ، جلسے سے وزیراعظم شہباز شریف ، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور مریم نواز شریف سمیت کئی دیگر رہنماؤں نے خطاب کرنا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

ٹرمپ سے اچھے تعلقات تھے، بائیڈن نے سردمہری دکھائی، عمران خان

حکومتی وزرا اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات میں تیزی، تصادم کا خطرہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اوکاڑہ کا جلسہ عام کرنے جارہی ہے، جو گزشتہ تمام جلسوں کا ریکارڈ توڑ دے گا۔

Pakistan Muslim League Nawaz Okara meeting
google source

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے اوکاڑہ کے عوامی اجتماع کے لیے 80 فٹ چوڑا اور 30 فٹ لمبا اسٹیج، ہزاروں کرسیاں، لائٹس اور ساؤنڈ سسٹم نصب کیا گیا تھا۔ تاہم، پاور شو کی تیاریوں کے درمیان موسلا دھار بارش شروع ہو گئی اور زمین پانی سے بھر گئی۔

میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسٹیج کی تنصیب کے لیے گراؤنڈ میں لگے متعدد درختوں کو انتظامیہ کے حکم پر کاٹ دیا گیا تھا۔

دوسری جانب سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے انتظامیہ کی جانب سے گراؤنڈ میں پانی بھرا جارہا ہے۔

تاہم شہر میں وقفے وقفے سے جاری بارش کی وجہ سے رکن قومی اسمبلی ریاض الحق جج نے بیان جاری کیا تھا کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کا جلسہ ملتوی کر دیا گیا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے اوفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ہونے والے پیغام میں کہا گیا ہے کہ "رکن قومی اسمبلی ریاض الحق جج نے پارٹی تنظیم اور مقامی قیادت کے مشورے سے اعلان کیا ہے کہ شدید طوفان اور موسلادھار بارش کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام آج اوکاڑہ میں ہونے والا جلسہ ملتوی کر دیا گیا.”

تاہم نیوز 360 کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسہ موسم کی خرابی کی وجہ سے ملتوی نہیں کیا گیا بلکہ جلسے میں شرکت کے لیے تین سے چار ہزار لوگ آئے تھے جس پر انتظامیہ نے ہائی کمان سے رابطہ کرکے جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ، اور موسم کا بہانہ بنا کر جلسہ ملتوی کردیا۔

ن لیگی رہنماؤں کے مطابق پاور شو کی نئی تاریخ کا اعلان دو روز میں کیا جائے گا۔

متعلقہ تحاریر