خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے مسیحی طلبہ سے معافی کیوں مانگی؟
پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق نے یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے کرسمس کے موقع پر نرسنگ امتحانات کے انعقاد پر غلطی تسلیم کرتے ہوئے نیا شیدول جاری کردیا۔

خیبرمیڈیکل یونیورسٹی پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاالحق نے کرسمس کے اگلے روز امتحانات کے انعقاد کا اعلان کرنے پر مسیحی طلبہ سے معافی مانگ لی۔
مسیحی طلبہ نے کرسمس کے اگلے روز سے امتحانات کے اعلان پر وائس چانسلر کو واٹس ایپ میسیج ارسال کرکے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا اور شیڈول پر نظرثانی کی درخواست کی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام سے تعلیمی بہتری کی راہیں کُھل رہی ہیں، معین الجامعہ این ای ڈی
سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کی نئی کتب کباڑ میں فروخت ہونے لگیں، ایم پی اے نے ویڈیو شیئر کردی
خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کےشعبہ نرسنگ کے طالبعلم نے وائس چانسلر کو ارسال کردہ واٹس ایپ پیغام میں کہا تھاکہ” خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے 26 دسمبر 2022 سے 2 جنوری تک بی ایس نرسنگ جنرک اور بی ایس نرسنگ پوسٹ آر این کے امتحانات کا اعلا ن کرتے ہوئے ڈیٹ شیٹ جاری کردی ہے،زیادہ تر طلبہ کا تعلق مسیحی برادری اور دور دراز علاقوں سے ہے۔ لہٰذاآپ سے درخواست ہے کہ کرسمس کی وجہ سے امتحان کی تاریخ میں توسیع کی جائے، ہم بھی پاکستانی ہیں اور اپنا تہوار منانا چاہتے ہیں“۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاالحق نےطلبہ کی درخواست کا جواب دیتے ہوئے اپنے پیغام میں لکھاکہ” پیارے مسیحی طلبہ !آپ کی حقیقی درخواست کے جواب میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے تمام امتحانات کی تاریخیں فوری طور پر تبدیل کر دی ہیں۔ زحمت کے لیے معذرت ہوں“۔
وائس چانسلر نے اپنے جواب میں قائد اعظم محمد علی جناح کا پیغام بھی نقل کیاکہ”آپ آزاد ہیں! آپ اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں، آپ اس ریاست پاکستان میں اپنی مساجد یا کسی دوسری عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔ آپ کا تعلق خواہ کسی بھی مذہب، ذات یا عقیدے سے ہو، اس کا امور ریاست سے کوئی سروکار نہیں ہے، یہ ملک تمام مذاہب کے طبقات کے لیے ہے اور ہر کوئی اپنی عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہے چاہے وہ مندر ہو، مسجد ہو یا چرچ “۔









