کراچی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ماہر امراض چشم ڈاکٹر بیربل ہلاک ہو گئے
گارڈن لیاری ایکسپریس وے پر نامعلوم حملہ آوروں کی کار پر فائرنگ سے قرۃ العین نامی لیڈی ڈاکٹر زخمی بھی ہوئی ہیں۔ ٹارگٹ کلنگ کا اس مہینہ یہ تسیرا واقعہ ہے۔
جمعرات کے روز کراچی میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے معروف آئی سرجن ڈاکٹر بیربل گینانی ہلاک جبکہ ایک لیڈی ڈاکٹر زخمی کر دیا۔ڈاکٹر بیربل گینانی کا تعلق ہندو کمیونٹی سے تھا۔
گارڈن لیاری ایکسپریس وے پر نامعلوم حملہ آوروں نے ایک گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں معروف ماہر امراض چشم ڈاکٹر بیربل ہلاک اور قرۃ العین نامی لیڈی ڈاکٹر زخمی ہوگئیں۔
یہ بھی پڑھیے
پنجاب پولیس کے جوانوں نے آسٹریلوی نژاد شہری کو اسلحے کے زور پر لوٹ لیا
ڈاکٹر بیربل گینانی کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (KMC) کے سابق ڈائریکٹر تھے اور انہوں نے اسپینسر آئی ہسپتال کے سربراہ کے طور پر بھی فرائض سرانجام دیتے رہےتھے۔ وہ کراچی کے علاقے رنچھوڑ لائن میں ایک پرائیویٹ کلینک بھی چلاتے تھے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر قرۃ العین کو کندھے میں گولی لگی ہے اور انہیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر بیربل گینانی کی لاش کو بھی ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حملہ آور حملہ کرنے کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کرائم سین یونٹ کو جائے وقوعہ پر طلب کر لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بظاہر یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ کار رامسوامی علاقے سے جا رہی تھی کہ گارڈن پولیس اسٹیشن کے قریب ایک ہال کے قریب مسلح افراد نے ڈاکٹر بیربل گینانی پر حملہ کر دیا۔
واضح رہے کہ شہر قائد میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
اس مہینے کے شروع میں، مذہبی اسکالر مولانا عبدالقیوم صوفی کراچی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
پاکستان علماء ایسوسی ایشن کے رکن مولانا عبدالقیوم صوفی کو کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 9 میں نشانہ بنایا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ عالم دین کو موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا جب وہ نماز فجر کی امامت کے بعد گھر واپس جا رہے تھے۔ مقتول جامع مسجد محمدیہ میں نورانی اسلامک سنٹر کے سربراہ بھی تھے۔
علاوہ ازیں کراچی میں بلال کالونی کے قریب ایک اور مذہبی رہنما مولانا سلیم کھتری کو موٹر سائیکل پر سوار چار ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
یاد رہے کہ رواں سال فروری میں بھی نامعلوم مسلح افراد نے فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز کے وائس چیئرمین سید خالد رضا کو کراچی میں ان کی رہائش گاہ کے باہر قتل کر دیا تھا۔
فائرنگ کا واقعہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 7 میں پیش آیا تھا۔









