صدر پولیس کی کامیاب کارروائی، جناح اسپتال کے تین سیکورٹی گارڈز گرفتار، 4 موٹر سائیکلیں برآمد
صدر پولیس کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد جبران، غلام رسول اور رب نواز کے ناموں سے ہوئی ہے۔
کراچی: صدر پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے تین پرائیویٹ سیکورٹی گارڈز کو گرفتار کرکے چار موٹر سائیکلیں برآمد کرلی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صدر پولیس نے انٹیلیجنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے جناح اسپتال کی سیکورٹی پر مامور تین پرائیویٹ گارڈز کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے چوری شدہ 4 موٹر سائیکلیں برآمد کرلی ہیں۔
صدر پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار تینوں ملزمان پرائیویٹ سیکورٹی کمپنی "Rapid” سیکورٹی کے ملازم ہیں اور جناح اسپتال میں ہی تعینات تھے۔
یہ بھی پڑھیے
اے وی ایل سی اور سی آئی اے کی مشترکہ کارروائی: ڈیفنس سے چوری ہونے والی گاڑی برآمد
لیاری میں سگے بھائی اور بھتیجوں کے ہاتھوں قتل ہونے والی پولیس اہلکار کی فوٹیج سامنے آگئی
صدر پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزمان نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اسپتال آئے ہوئے مریضوں اور ان کے ساتھ آنے والے افراد کی جناح اسپتال کی پارکنگ میں پارک موٹر سائیکلوں کو موقع پاکر چوری کر لیتے تھے۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو عدد پریڈی، ایک بلوچ کالونی اور ایک عدد صدر کی حدود سے چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
صدر پولیس کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد جبران، غلام رسول اور رب نواز کے ناموں سے ہوئی ہے ، جن کا سابقہ کریمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔
گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے AVLC کے حوالے کر دیا گیا ہے۔









