کراچی میں 5 بھائیوں پر قاتلانہ حملہ، 2 جاں بحق، 2 شدید زخمی، 1 محفوظ رہا

کراچی کے علاقے جمشید کوارٹر میں صبح سویرے ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں 2 سگے بھائی جاں بحق ہو گئے، پولیس کے مطابق واقعہ دشمنی کا نتیجہ ہے۔

ایس پی جمشید کوارٹر علینہ راجپر کے مطابق موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان نے گرو مندر چوک کے قریب سیاہ رنگ کی کار کو فائرنگ سے نشانہ بنایا۔

ان کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 2 طرف سے کار پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کار میں سوار 2 بھائی واجد اورنگزیب اور شان اورنگزیب شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پہنچنے تک دونوں بھائیوں کی موت واقع ہو چکی تھی۔

ایس پی جمشید کوارٹرز علینہ راجپر نے بتایا ہے کار میں 5 بھائی سوار تھے، جن میں سے 2 جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوئے ہیں، دونوں زخمیوں کو نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ایک کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ پانچواں بھائی حملے میں بال بال بچ گیا۔

انہوں نے بتایا ہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے، جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے 18 خول برآمد ہوئے ہیں جبکہ کار پر بھی لگ بھگ اتنی ہی گولیوں کے نشانات پائے گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق کار پر فائرنگ مبینہ طور پر دشمنی کی بنا پر کی گئی، جاں بحق ہونے والے ایک معروف آئسکریم شاپ سے تعلق رکھتے ہیں۔

پولیس کے مطابق پانچوں بھائیوں کو پیشی پر سٹی کورٹ جاتے ہوئے نشانہ بنایا گیا ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ایسٹ فرخ رضا نے بتایا ہے کہ مقتولین کی ایک دوسرے فریق سے ایک قتل کی واردات کے بعد سے دشمنی چلی آ رہی ہے۔

مقتولین کا بھائی مبینہ طور پر دوسرے فریق کے قتل میں ملوث ہے تاہم پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

متعلقہ تحاریر