اے آئی جی کا اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے موٹر سائیکل اسکواڈ فعال کرنے کا حکم
ایڈیشنل انسپیکٹر جنرل نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بھی موثر کارروائیاں کی جائیں گیں۔
کراچی پولیس چیف ایڈیشنل انسپیکٹر جنرل (اے آئی جی) جاوید عالم اوڈھو نے پولیس کو اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے پولیس موٹر سائیکل اسکواڈ کو فعال کرنے کا حکم دیا ہے۔
وہ کراچی پولیس کے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں کراچی شہر میں میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کا جائزہ لیا گیا۔
ڈکیتی کے دوران قتل اور زخمی ہونے کے واقعات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے تمام طرح کے وسائل بروئے کار لائیں۔
یہ بھی پڑھیے
لندن سے لگژری کار چوری کا کیس: کسٹم کورٹ نے تاریخ سماعت مقرر کردی
لندن سے چوری ہونے والی ‘بینٹلے ملسن’ گاڑی کا معاملہ، سندھ کی بڑی شخصیات کے نام سامنے آگئے
کراچی پولیس کے مطابق تمام اضلاع سے 100 موٹر سائیکلیں اسکواڈ کا حصہ ہوں گی۔ تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز اور انویسٹی گیشن یونٹ اسٹریٹ کریمنل کے خلاف چھاپہ مار کارروائیاں کریں گے۔
کراچی پولیس چیف نے ہدایت کی کہ شہر میں منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بھی موثر کارروائیاں کی جائیں۔
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ وہ اسٹریٹ کرائم اور منشیات کے کاروبار پر قابو پانے کے لیے ایس ایچ اوز کے ضلعی سربراہوں کی کارکردگی پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی غفلت کی صورت میں سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس میں تمام زونل ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور ضلعی ایس ایس پیز نے شرکت کی۔