اسلام آباد میں پروفیسر سے 45 لاکھ کا فراڈ، گاڑی خریدنے والا جعلی بینک ڈرافٹ تھماگیا
ڈاکٹر عمران الحق نے اپنی زیر میٹر ہنڈا سٹی کار کا 45لاکھ80 ہزار روپے میں سودا کیا، گاڑی کے عوض دیاگیا فیصل بینک کا ڈرافٹ جعلی نکلا، پولیس استاد کو تھانوں کے چکر لگواتی رہی، معاملہ سوشل میڈیا پر آنے کے بعد معاون خصوصی اور آئی جی کے نوٹس لینے پر مقدمہ درج کیاگیا۔
اسلام آباد میں پاک آسٹریا فخوشولے انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسزاینڈ ٹیکنالوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عمران الحق خان کے ساتھ 45 لاکھ 80 ہزار روپے کا فراڈ ہوگیا۔
اسسٹنٹ پروفیسر سے45لاکھ 80ہزارروپے میں اَن رجسٹرڈ زیرومیٹر گاڑی خریدنے والا شخص جعلی بینک ڈرافٹ تھمانے کےبعد گاڑی لیکر رفوچکر ہوگیا۔بیرون ملک سے اعلیٰ تعلیم یافتہ گریڈ 19 کے پروفیسر انصاف کے حصول کیلیے تھانوں کے دھکے کھاتے رہے، معاملہ سوشل میڈیا کی زینت بننے کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ اور آئی جی کے علم میں آیا تو پولیس نے مقدمہ درج کیا۔
یہ بھی پڑھیے
اسلام آباد پولیس اپنے شہریوں کو اغوا کرکے بھتہ طلب کرنے لگی
کراچی میں کاریں اور موٹر سائیکلیں چوری کرنے والا 14 سالہ ملزم گرفتار
پاک آسٹریا فخوشولے انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے گریڈ 19 کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عمران الحق نے سوشل میڈیا پر شیئر کردہ اپنی وڈیو میں بتایا کہ انہوں نے ایک شخص کے ساتھ معاہدہ طے پانے کےبعد اپنی گاڑی ہنڈا سٹی ایسپائر1.5فروخت کی ہے اور اس سے فیصل بینک کا 45لاکھ 80ہزار روپے کا ڈرافٹ وصول کیا ہے۔
Dear @ICT_Police, pls help this poor Professor who was robbed in day bright light in heart of Capital. @akbarnasirkhan pic.twitter.com/rZJr3Gzf8j
— Zahid Gishkori (@ZahidGishkori) October 3, 2022
انہوں نے بتایا کہ وہ 2 روز سے اسلام آباد کے تھانوں میں دھکے کھارہے ہیں،تھانہ سنگجانی میں ان کی بہت بے عزتی کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہ بہت پڑھے لکھے انسان ہیں، انہوں نے سوئیڈن سے ماسٹرز اور ملائیشیا سےکیمیکل انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی کررکھی ہے اور میں فخوشولے انسٹیٹیوٹ میں 19 گریڈ کےاسسٹنٹ پروفیسر ہیں۔انہوں نے کہا ان کے جیسا بندہ بھی ایک لمحے میں ہیرو سے زیرو ہوگیا ہے،ان کی تمام جمع پونجی اس گاڑی پر لگی ہوئی تھی۔
انہوں نے حکومت، چیف جسٹس، آرمی چیف اور آئی جی اسلاآباد سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ان کی ایف آئی آر نہیں کاٹی گئی،ان کی گاڑی ابھی تک رجسٹرڈ نہیں ہوئی تھی۔انہوں نے اپیل کی کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے گاڑی کو رجسٹرڈ ہونے سے پہلے ٹریس کیا جائے۔
We are in contact.
— Dr Akbar Nasir Khan (@akbarnasirkhan) October 3, 2022
دریں اثنا وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ اور آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر نے سینئر صحافی زاہد گشکوری کی جانب سے شیئر کردہ وڈیو کا نوٹس لے لیا۔عطا تارڑ نے ٹوئٹ پر تبصرے میں لکھا کہ ضروری کارروائی کا کہہ دیاگیا ہے۔آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر نے لکھا کہ ہم رابطے میں ہیں۔
ملزم نے شہری سے آن لائن اشتہار کے ذریعے رابطہ کیا۔اور ایک جعلی بنک ڈرافٹ کے ذریعے مدعی کے گھر آکر معاملہ کرکے گاڑی خریدی اور مدعی نے خود گاڑی ملزم کے حوالے کی بعد ازاں ملزم غائب ہوگیا پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔
— Islamabad Police (@ICT_Police) October 3, 2022
اسلام آباد پولیس کے ٹوئٹر ہینڈل سے کہا گیا ہے کہ ملزم نے شہری سے آن لائن اشتہار کے ذریعے رابطہ کیا۔اور ایک جعلی بنک ڈرافٹ کے ذریعے مدعی کے گھر آکر معاملہ کرکے گاڑی خریدی اور مدعی نے خود گاڑی ملزم کے حوالے کی بعد ازاں ملزم غائب ہوگیا پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔