کراچی میں سیلاب متاثرہ بچی اور لاہور میں 21 سالہ لڑکی سے اجتماعی زیادتی
شکار پور کی رہائشی 9 سے 10 سال کی بچی کو کار سواروں نے کلفٹن سے اغوا کرکے زیادتی کا نشانہ بنایا،وزیر اعلیٰ سندھ کا نوٹس، 5 مشتبہ ملزم گرفتار: لاہور میں ملزمان نے شادی کا جھانسہ دیکر ہتھیائی گئی رقم واپس کرنے کے بہانے بلاکر لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بناڈالا، ملزمان گرفتار
کراچی کے علاقے کلفٹن میں درندہ صفت ملزمان نے شکار پور کی رہائشی سیلاب متاثرہ 9 سے 10 سال کی بچی کو اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کرلی۔ پولیس نے 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
لاہور کے علاقے اسلام پورہ میں 2 اوباش نوجوانوں نے شادی کاجھانسہ دیکر ہتھیائی گئی رقم واپس کرنے کے بہانے 21 سالہ لڑکی کو بلاکر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
یہ بھی پڑھیے
چنیوٹ میں 6 درندہ صفت ملزمان کی 8 سالہ بچی سے اجتماعی زیادتی
کراچی ڈیفنس میں گھریلو ملازم کی 6سالہ بچی سے زیادتی، ملزم گرفتار
شکارپور کی رہائشی فاطمہ بیگم بیوہ حمل خان نے کلفٹن کے بوٹ بیسن تھانے میں مقدمہ نمبر 672/2022 درج کراتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ وہ شکارپور کی رہائشی اور 6 بچوں کی بیوہ ماں ہے۔ سیلاب کی وجہ سے اسے اپنے بچوں کے ساتھ کراچی نقل مکانی کرنا پڑی ۔
خاتون کے مطابق وہ اور اس کے بچے شاہ رسول کالونی گلی نمبر 3 میں فٹ پاتھ پر رہتے ہیں اور بھیک مانگ کر اور مزار سے لنگر لے کر اپنی بھوک مٹاتے ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق 23 اکتوبر کو اسکی 9 سے 10 سال کی عمر کی بیٹی نگہت عرف حسنہ تقریباً 11 /12 بجے بھیک مانگنے کے لیے ڈالمن مال کلفٹن کی طرف گئی اور دوپہر 2 بجے واپس آئی تو اس کی شلوار خون سے لت پت تھی۔
خاتون کے مطابق کار سواروں نے ان کی بیٹی کو ڈالمن مال کے قریب ہوٹلوں کے سامنے سے اغوا کیا اور کسی نامعلوم جگہ پر لےجاکر اجتماعی زیادتی کانشانہ بنایا ۔بعدازاں وہ بچی کولیکر جناح اسپتال پہنچی جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
پولیس سرجن آفس کے مطابق طبی معائنے میں اجتماعی زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے،سیلاب کے باعث بچی کے دونوں پاؤں فنگس سے متاثر ہیں،ایس ایس پی جنوبی اسد رضا کے مطابق پولیس نے 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر واقعہ کی تفتیش شروع کر دی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کرلی۔ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ کی پولیس کو ملزمان فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس طرح کے واقعات ناقابل برداشت ہیں۔
دوسری جانب لاہور کے علاقے اسلام پورہ میں دو افراد نے 21 سالہ لڑکی کو مبینہ طورپر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنادیا، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔
ایف آئی آر کے مطابق اسلام پورہ میں ملزم طلحہ نے لڑکی کو شادی کا جھانسہ دے کر رقم ہتھیالی، لڑکی نے رقم واپس مانگی تو اس نے کہا آ کر لے جاؤ۔
ایف آئی آر کے مطابق لڑکی پیسے لینے گئی تو طلحہ نے اپنے دوست سے مل کر زیادتی کا نشانہ بنایا، ملزمان زیادتی کے دوران ویڈیو بھی بناتے رہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے۔