کراچی میں ایک اور بگڑے نواب کے ہاتھوں پولیس اہلکار کا قتل
ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان علی بلوچ کا کہنا ہے لڑکی کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنانے کے بعد پولیس اہلکاروں نے گاڑی کو قبضے میں لے کر ڈرائیور کو متعلقہ تھانے لے جانے کو کہا تاہم ملزم نے فائرنگ کر دی اور فرار ہو گیا۔
کراچی کے علاقے ڈسٹرکٹ ساؤتھ ڈیفنس میں رات گئے اغوا کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گیا۔ پولیس نے سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم کے گھر ڈیفنس فیز فائیو میں چھاپہ مارا ، اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی کو قبضے میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہین فورس کا اہلکار کانسٹیبل عبدالرحمان اپنے ساتھی کے ہمراہ ڈیفنس کے علاقے میں گشت کر رہا تھا کہ اس دوران ایک کار کو روکنے کی کوشش تو کارسوار نے گاڑی بھگا دی۔ تاہم پالیس اہلکاروں نے کچھ دور جاکر گاڑی کو روک لیا۔ اس دوران گاڑی میں سوار لڑکی فرار ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا ہے کہ ملزم کے ہاتھ میں پستول ہے اور وہ اہلکار سے جھگڑا کررہا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان علی بلوچ نے بتایا کہ لڑکی کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنانے کے بعد پولیس اہلکاروں نے گاڑی کو قبضے میں لے کر ڈرائیور کو متعلقہ تھانے لے جانے کی کوشش کی تاہم ملزم نے فائرنگ کر دی اور فرار ہو گیا ، جبکہ اس کا ساتھی اہلکار معجزانہ طور پر بچ گیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان علی بلوچ کا کہنا ہے کہ زخمی کانسٹیبل کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ سید اسد رضا کا کہنا ہے کہ واقعے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھی اور اس نے شواہد اکٹھے کرلیے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان علی بلوچ کا کہنا ہے کہ ڈیفنس پولیس نے اہلکار کو شہید کرنے والے ملزم گھر کے چھاپہ مارا ہے۔ ملزم ڈیفنس فیز فائیو کا رہائشی ہے۔ جبکہ ملزم کا ایک بھائی فیصل آباد میں رہتا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق ملزم کے والد سابق ڈپٹی کمشنر نثار احمد ہیں۔ نثار احمد نے بتایا کہ وہ سابق ڈپٹی کمشنر ہیں۔
عرفان علی بلوچ کا کہنا ہے کہ ملزم کی گاڑی قبضے میں لے لی گئی ہے ، گاڑی سے پاسپورٹ کی کاپی بھی ملی ہے۔ ایف آئی اے کو اطلاع کردی گئی ہے تاکہ ملزم ملک سے فرار نہ ہوجائے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان علی بلوچ کا مزید کہنا ہے کہ ملزم واردات کے بعد گاڑی گھر چھوڑ کر دوسری کار میں فرار ہو گیا تھا جس کی تلاش کے چھاپے مارے جارہےہیں۔









