کراچی سےلڑکیوں کی بیرون ملک اسمگلنگ کا انکشاف، ہائیکورٹ کا تحقیقات کاحکم

شہر سے 14 سالہ لڑکی کو اغوا کرکے 3 بار فروخت کیا گیا، یہ لڑکی تو ہمت کر کے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی لیکن جہاں اسے رکھاگیا تھا وہاں 14، 15 اور لڑکیاں بھی موجود تھیں، جسٹس صلاح الدین پنہور:محکمہ داخلہ سندھ کو جے آئی ٹی بنانے کی ہدایت، ایف آئی اے کو بھی تحقیقات کا حکم

کراچی سے کم عمر لڑکیوں کی بیرون ملک اسمگلنگ کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد سندھ ہائیکورٹ نے معاملے کی اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

عدالت عالیہ نے محکمہ داخلہ کو تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے ایف آئی اے کو بھی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ایس ایس پی سٹی اور ایف آئی اے حکام کو طلب کرلیا۔

یہ بھی پڑھیے

مظفر گڑھ : 11سالہ طالبہ کی فحش تصاویر فیس بک پر اپ لوڈ کرنیوالا ملزم گرفتار

کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز نے ماں سے 11دن کی بچی چھین لی

جمعے کو سندھ ہائیکورٹ میں جسٹس صلاح الدین پہنور پر مشتمل سنگل بینچ کے روبرو کم عمر لڑکی کو مبینہ جھانسہ دے کر شادی کرنے والے ملزم عدنان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔  عدالت نے ملزم کی ضمانت منظور کرلی۔

ملزم نے بیان میں کہا کہ مسکان کے اغوا سے اسکاکوئی تعلق نہیں اسے سونیا نے پھنسایا تھا۔ سونیا سے فیس بک کے ذریعے دوستی کے بعد شادی کی۔ سونیا کے کام کے بارے میں علم نہیں۔

دوران سماعت جسٹس صلاح الدین پنہور کا کہنا تھا کہ مسکان نامی لڑکی کے چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں، بظاہر لگتا ہے کہ کم عمر لڑکیوں کی بیرون ملک اسمگلنگ ہوتی ہے اور زیادہ تر لڑکیوں کو عمان اسمگل کیاجاتا ہے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ شہر سے 14 سالہ لڑکی کو اغوا کیا گیا، لڑکی کے بیان کے مطابق 3 بار اسے فروخت کیا گیا، یہ لڑکی تو ہمت کر کے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی، اس نے بتایا کہ جہاں رکھا گیا تھا وہاں 14، 15 اور لڑکیاں بھی موجود تھیں۔

عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ یہ ایک سنجیدہ معاملہ اسے ایسے نہیں چھوڑا جاسکتا، پولیس اور ادارے تحقیقات کریں تاکہ مزید بچیوں کی اسمگلنگ روکی جا سکے۔

ہائیکورٹ نے لڑکی کو شادی کا جھانسہ دینے کے الزام میں گرفتار ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا، عدالت نے 9 جنوری کو مکمل تفصیلات طلب کرلیں۔

 عدالت نے ایس ایس پی سٹی، ایف آئی اے حکام کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا اور  9 جنوری کو تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کی۔ لڑکی کے اغوا اور شادی کا مقدمہ تھانہ عید گاہ میں درج ہے۔

متعلقہ تحاریر